گل پلازہ سانحہ: کراچی میں لاپتہ افراد کی تعداد 73 تک پہنچ گئی، 14 افراد جاں بحق

گل پلازہ سانحہ: کراچی میں لاپتہ افراد کی تعداد 73 تک پہنچ گئی، 14 افراد جاں بحق

کراچی: ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازا سانحے میں لاپتہ افراد کی تعداد 73 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ اب تک 14 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ہیلپ ڈیسک سندھ حکومت کے مطابق ابتدائی طور پر 70 افراد کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج کی گئی تھی، تاہم آج مزید 3 افراد کو لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ گل پلازا میں آتشزدگی کے دوران کسی تخریب کاری کے شواہد نہیں ملے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو آپریشن کے دوران مزید لاشیں نکل سکتی ہیں۔گل پلازا کی آگ 33 گھنٹے بعد مکمل طور پر بجھا دی گئی تھی۔ فائر فائٹرز نے جلی ہوئی عمارت سے اب تک مزید 4 افراد کی لاشیں نکالی ہیں۔ جاں بحق افراد کی کل تعداد 14 ہو گئی ہے جبکہ 22 زخمی زیر علاج ہیں۔

چیف فائر افسر کے مطابق اب عمارت میں کولنگ کا عمل جاری ہے، کھڑکیوں کو کٹر کی مدد سے کاٹا جا رہا ہے اور ہتھوڑوں کی مدد سے دیواریں گرائی جا رہی ہیں تاکہ اندر موجود ممکنہ افراد تک رسائی حاصل کی جا سکے۔پلازا کی تیسری منزل پر پھنسے کسی شخص کی موجودگی کے امکان کے پیش نظر ریسکیو آپریشن میں فائر فائٹرز نے اتوار کی رات عمارت کے اندر داخل ہو کر تلاش کا سلسلہ جاری رکھا۔اس سانحے کے بعد ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں انتباہ کر رہی ہیں کہ شہری آگ لگنے کی صورت میں حفاظتی اقدامات پر مکمل عمل کریں اور عمارتوں میں فائر سیفٹی کا نظام بہتر بنایا جائے۔