بیوی کو جسمانی، ذہنی یا جذباتی تشدد کا نشانہ بنانا ظلم کے زمرے میں آتا ہے لاہور ہائیکورٹ

ذہنی اذیت دینا، تضحیک کرنا، توہین آمیز رویہ اختیار کرنا اور مسلسل نظرانداز کرنا بھی ظلم کے زمرے میں آتا ہے، ازدواجی زندگی میں اعتماد، احترام اور باہمی عزت بنیادی اہمیت رکھتے ہیں
ظلم اور تشدد کی بنیاد پر شادی ختم ہونے کی صورت میں خاتون حق مہر سے محروم نہیں ہوگی:عدالت‘ شوہر کو بیوی کو 5 لاکھ روپے خصوصی ہرجانہ ادا کرنے کا  حکم 
لاہور(آئی این پی )لاہور ہائیکورٹ نے خلع اور تشدد کی بنیاد پر تنسیخِ نکاح سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا  شوہر کی جانب سے بیوی کو جسمانی، ذہنی یا جذباتی تشدد کا نشانہ بنانا ظلم کے زمرے میں آتا ہے۔عدالت نے واضح کیا  ظلم اور تشدد کی بنیاد پر شادی ختم ہونے کی صورت میں خاتون حق مہر سے محروم نہیں ہوگی، جبکہ شوہر کو بیوی کو 5 لاکھ روپے خصوصی ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ کے جسٹس چوہدری محمد اقبال نے خاتون مریم ظفر کی درخواست پر 10 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، عدالت نے ماتحت عدالتوں کے خلع کی بنیاد پر تنسیخِ نکاح کے فیصلے میں ترمیم کرتے ہوئے شوہر کے ذہنی اور جسمانی تشدد کی بنیاد پر نکاح ختم کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ ظلم اور تشدد کا تصور صرف جسمانی تشدد تک محدود نہیں بلکہ ذہنی اور جذباتی اذیت بھی اس میں شامل ہے، ذہنی اذیت دینا، تضحیک کرنا، توہین آمیز رویہ اختیار کرنا اور مسلسل نظرانداز کرنا بھی ظلم کے زمرے میں آتا ہے، ازدواجی زندگی میں اعتماد، احترام اور باہمی عزت بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔فیصلے کے مطابق خاتون نے عدالت کو بتایا کہ شادی کے دو سال بعد بھی اولاد نہ ہونے پر اسے مسلسل طعنے دئیے جاتے رہے، میاں بیوی نے رضاکارانہ طور پر طبی معائنے کروائے، جن کی رپورٹس میں شوہر میں اولاد پیدا کرنے کی صلاحیت سے متعلق نقص سامنے آیا، خاتون نے شوہر کو علاج کروانے کا مشورہ بھی دیا، تاہم وہ طبی طور پر ان فٹ رہا۔لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ ماتحت عدالتوں نے خاتون کے بیان، گواہوں اور میڈیکل رپورٹس کا درست انداز میں جائزہ نہیں لیا، جبکہ خاتون نے شواہد کے ذریعے شوہر کی جانب سے جسمانی اور ذہنی تشدد کو ثابت کیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں خاتون کو نکاح نامے میں طے شدہ حق مہر وصول کرنے کا حقدار قرار دیتے ہوئے شوہر کو 5 لاکھ روپے خصوصی ہرجانہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا۔