پنجاب اسمبلی 26اپوزیشن ارکان کیخلاف ریفرنس دائر
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان الیکشن کمیشن پہنچ گئے، جہاں انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے ارکان صوبائی اسمبلی کے خلاف نااہلی ریفرنس دائر کر دیا‘ارکان اسمبلی میں ہنگامہ آرائی میں ملوث ہیں
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘یو این پی) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے سنی اتحاد کونسل کے 26 ارکان کیخلاف ریفرنس دائر کر دیا۔ذرائع کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان الیکشن کمیشن پہنچ گئے، انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے ارکان صوبائی اسمبلی پنجاب کے خلاف نااہلی ریفرنس الیکشن کمیشن میں دائر کر دیا۔ملک احمد نے سنی اتحاد کونسل کے 26 ارکان صوبائی اسمبلی کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کیا۔
27 جون کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن ارکان نے شور شرابہ اور ہنگامہ آرائی کے ساتھ توڑ پھوڑ کی تھی۔سپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 ارکان کی رکنیت معطل کی گئی تھی۔دریں اثناء سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نیمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ریفرنس دائر کردیا ہے جو لوگ آئین اور حلف کی پاسداری نہیں کرسکتے انہیں رکن اسمبلی رہنے کا حق نہیں، حلف کی پاسداری کی خلاف ورزی کس زمرے میں آتا ہے؟ چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات میں یہ سوال ای سی پی کے سامنے رکھا ہے، آئین توڑنے والے 26 کے بجائے 35 بھی ہوں تو بھی یہی کروں گا، آئین ہمیشہ غالب رہے گا۔