مختلف اضلاع میں 483افراد کو مجموعی طور پر 10 لاکھ 13 ہزار روپے جرمانے عائد
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کی سموگ، فضائی آلودگی کی روک تھام اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری ہیں جس کے تسلسل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت مختلف اضلاع میں انسدادِ سموگ کریک ڈائون کے تحت 15 مقدمات درج کیے گئے جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران 483 افراد کو مجموعی طور پر 10 لاکھ 13 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 43 افراد کو وارننگ جاری کی گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی 280، صنعتی سرگرمیوں کی 3 اور اینٹوں کے بھٹوں کی 8 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال کے دوران لاہور سمیت مختلف اضلاع میں سموگ کریک ڈائون کے تحت مجموعی طور پر 2911 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 2587 قانون شکن گرفتار کیے گئے۔ اس دوران 97 ہزار 924 افراد کو 23 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے اور 13 ہزار 689 افراد کو وارننگ جاری کی گئی۔ رواں سال کے دوران فصلوں کی باقیات جلانے کی 1777، زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی 59 ہزار 53، صنعتی سرگرمیوں کی 1401 اور اینٹوں کے بھٹوں کی 2226 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ شاہراہوں، انڈسٹریل ایریاز، زرعی مقامات اور دیگر جگہوں پر انسدادِ سموگ کریک ڈائون مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت سخت اور فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔