پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے حکومت، صحت کے شعبے کی ٹیم، پولیو ورکرز اور تمام متعلقہ اداروں کی محنت اور عزم قابل تعریف ہے:اجلاس میں گفتگو
شجرکاری محض علامتی کارروائی نہیں بلکہ ایک اہم قومی، ماحولیاتی اور موسمیاتی فریضہ ہے، جس میں ہر شہری کی شمولیت ناگزیر ہے:وزیراعظم
سٹاک ایکسچینج کی تاریخی سطح عبور، اللہ کے فضل و کرم سے معیشت میں بہتری سے سرمایہ کاروں اور تاجر برادری کا اعتماد بحال ہوا ہے:پیغام
اسلام آباد (آن لائن) وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے حکومت، صحت کے شعبے کی ٹیم، پولیو ورکرز اور تمام متعلقہ اداروں کی محنت اور عزم کو سراہتے ہوے کہا ہے پولیو مہمات میں مشکلات ضرور ہیں، مگر یہ کسی صورت ناممکن نہیں ہیں، ہم اپنے عزم اور محنت سے پاکستان کے بچوں کا مستقبل محفوظ بنائیں گے۔وزیرِ اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں روٹری انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کے صدر فرانسیسکو اریزو نے وفد کے ہمراہ شرکت کی، جہاں وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفی کمال، وزیرِ اعظم کی انسداد پولیو کے لیے خصوصی نمائندہ عائشہ رضا فاروق اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ اجلاس میں روٹری انٹرنیشنل نے پاکستان کی حکومت کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وزیرِ اعظم کی قیادت میں پولیو کا خاتمہ جلد ممکن ہو گا۔دریں اثناء شہباز شریف کی زیر صدارت سالانہ مون سون شجرکاری مہم کے افتتاحی اجلاس کا انعقاد ہوا، جس میں مہم کا آغاز پہلے ہفتے کے عنوان *"ایک بیٹی، ایک شجر"* سے کیا گیا۔وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا شجرکاری محض علامتی کارروائی نہیں بلکہ ایک اہم قومی، ماحولیاتی اور موسمیاتی فریضہ ہے، جس میں ہر شہری کی شمولیت ناگزیر ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مہم پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ شجرکاری آنے والی نسلوں کے لیے صحت مند اور قدرتی ماحول کی ضمانت ہے اور موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والی تباہ کاریوں سے بچاؤ کے لیے اسے اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت مہم کی کامیابی کے لیے بھرپور مدد فراہم کرے گی۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ صوبائی حکومتیں، سماجی و مذہبی رہنما، طلباء اور تمام طبقات بھرپور کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پودوں کی افزائش اور شرح نمو کی جدید ٹیکنالوجی سے نگرانی کی جائے تاکہ مہم کے نتائج پائیدار ہوں۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج ہنڈرڈ انڈیکس کے 1 لاکھ 50 ہزار بیسس پوائنٹس کی تاریخی سطح عبور کرنے پر گہرا اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے معیشت میں بہتری کے نتیجے میں سرمایہ کاروں اور تاجر برادری کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ انہوں نے اس اعتماد پر کاروباری برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے تاہم مزید محنت اور تسلسل درکار ہے۔وزیراعظم نے معاشی ٹیم کی شب و روز محنت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے معیشت کو مشکلات سے نکالا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں اور تاجروں نے مشکل وقت میں بھی پاکستان میں معاشی سرگرمیاں جاری رکھیں جو قابلِ تعریف ہے۔