سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے محکمہ اطلاعات کو ہدایت دی ہے کہ تمام فلمی اور میڈیا پروجیکٹس کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور حکام کو صوبے کے جاری میگا پروجیکٹس اور ترقیاتی کاموں کی بروقت اور مؤثر تشہیر کی جائے۔
اس ضمن میں کراچی میں محکمہ اطلاعات کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت بات چیت ہوئی۔اس اجلاس میں شرجیل انعام میمن نے محکمہ اطلاعات کی پروڈکشن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور تکنیکی معیار بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے جاری منصوبوں پر متعلقہ حکام سے بریفنگ لی اور کام کو ہدف کے مطابق تیز کرنے کی تاکید کی۔علاوہ ازیں، اجلاس میں فلمی منصوبوں کی پیش رفت، ادارے کی مجموعی حکمت عملی، اور قومی بیانیہ کو اجاگر کرنے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرجیل انعام میمن نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت چاہتی ہے کہ فلم، ڈاکیومنٹری، اور دیگر تخلیقی مواد کے ذریعے قومی بیانیہ، قومی اتحاد، امن، رواداری، اور ترقیاتی اقدامات کو مؤثر انداز میں پیش کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے معاشرے میں مثبت پیغام پھیلانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسی سلسلے میں، محکمہ اطلاعات کو ہدایت کی گئی کہ وہ ہر شعبے میں ایسے مواد تیار کرے جو صوبے کی ثقافت، عوامی مفادات، حکومتی کارکردگی، اور قومی بیانیے کو سادہ اور مؤثر انداز میں پیش کرے۔ اس کے علاوہ، فلم اور میڈیا کے ذریعے صوبے کی تاریخ، سماجی مسائل، اور عوامی خدمات کو نمایاں طور پر دکھایا جائے۔شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نوجوان فلم سازوں اور میڈیا پروفیشنلز کو مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے تاکہ نئی تخلیقی صلاحیتیں سامنے آئیں اور مثبت بیانیہ مضبوط ہو۔
انہوں نے کہا کہ ایسے جامع منصوبے تیار کیے جائیں جو بڑے ترقیاتی منصوبوں، بنیادی ڈھانچے، ٹرانسپورٹ، صحت، تعلیم، اور توانائی کے شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کو مؤثر طریقے سے عوام تک پہنچائیں۔اس اجلاس میں ڈی جی اطلاعات معز پیرزادہ، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ یوسف کابورو، ڈائریکٹر ایڈمن منصور راجپوت، ڈائریکٹر فلمز حزب اللہ میمن، اور ڈپٹی ڈائریکٹر سارنگ لطیف چانڈیو شریک تھے۔