27دسمبر کو پشاور میں جلسہ بانی کی رہائی کیلئے ہرمنگل کو اسلام آبادمیں احتجاج کرینگے سہیل آفریدی

ہر وہ رکن اسمبلی جس کو عمران خان کا ٹکٹ ملا ہے وہ منگل کو اسلام آباد پہنچے‘  جو نہیں پہنچے گا اسے ملامت کریں گے‘ ہم اڈیالہ جیل کے باہر بھی بیٹھیں گے
ہمیں معلوم ہے یہ ہمارے ساتھ کیا کرنا چاہتے ہیں، اس بار انہیں گولیاں چلانے نہیں دیں گے:وزیراعلی خیبرپختونخوا کا پشاور میں دعائیہ تقریب سے خطاب
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی رہائی کے لیے ہر منگل کو اسلام آباد میں اراکین اسمبلی کے احتجاج اور 27 دسمبر کو پشاور میں بڑے جلسے کا اعلان کردیا‘انہوںنے پشاور میں دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا  آج کا دن ہمارے لیے درد ناک اور غم ناک ہے، ہمارے پرامن کارکنوں پر تشدد کیا گیا اور گولیاں ماری گئیں۔پی ٹی آئی  کے کارکنوں پر تشدد پہلی بار نہیں ہو رہا ہے، کچھ طاقت ور عوام کو بھیڑ بکریاں سمجھ رہے ہیں، طاقت ور لوگ نہیں چاہتے پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی ہو۔ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کو مفلوج کرکے رکھ دیا گیا ہے، آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر حق استعمال کرنا ہے، کچھ لوگ انتشار چاہتے ہیں۔ 9 مئی اور 26 نومبر کو ہم پرامن تھے اور آئندہ بھی پرامن ہوں گے لیکن قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔انہوں نے کہا ہر منگل کو ارکان اسمبلی اسلام آباد کو ایوان سے باہر ہونا چاہیے، ہر وہ رکن اسمبلی جس کو عمران خان کا ٹکٹ ملا ہے وہ منگل کو اسلام آباد پہنچیں اور جو نہیں پہنچے گا اسے ملامت کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اڈیالہ جیل کے باہر بھی بیٹھیں گے، جب تک عمران خان سے ملاقات نہیں ہوتی ہر جمعرات کو اڈیالہ جیل جاؤں گا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا  7 دسمبر کو پشاور میں جلسے کا اعلان کرتا ہوں، ہمیں معلوم ہے یہ ہمارے ساتھ کیا کرنا چاہتے ہیں، اس بار انہیں گولیاں چلانے نہیں دیں گے۔