وزیراعلی خیبر پختونخوا کراچی پہنچ گئے‘ سعید غنی نے اجرک ‘ سندھی ٹوپی پہنائی اتوار کو تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرینگے:سہیل آفریدی

 بانی چیئرمین کا پیغام لے کر سندھ  کا  3 روزہ  دورہ کررہا ہوں‘ مختلف تقریبات میں شرکت کروں گا‘سٹریٹ موومنٹ کی تیاری میں سب کو ساتھ دینا ہوگا:وزیراعلی خیبرپختونخوا
 کورنگی میں جلسے کی درخواست مسترد ‘سندھ حکومت کا پی ٹی آئی کو جناح گرائونڈ میں جلسے کی اجازت دینے کا فیصلہ‘ کسی  جماعت کی پرامن جدوجہد کو نہیں روکا جا سکتا: صوبائی وزیر ناصرشاہ 
کراچی (آئی این پی) وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کراچی پہنچ گئے۔کراچی ائیرپورٹ پر صوبائی وزیر سعید غنی نے وزیر اعلی سہیل آفریدی کا استقبال کیا، انہوں نے وزیراعلی کے پی کو اجرک اور سندھی ٹوپی پہنائی۔قبل ازیں سندھ روانگی سے قبل  سندھ کے عوام کیلئے خصوصی پیغام میں   وزیراعلی سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وہ اپنے بانی چیئرمین کا پیغام لے کر سندھ جا رہے ہیں ، ان کا یہ دورہ 3 روزہ ہوگا، جس کے دوران وہ مختلف تقریبات میں شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا سٹریٹ موومنٹ کی تیاری میں سب کو بھرپور ساتھ دینا ہوگا۔ 11 جنوری بروز اتوار شام 4 بجے مزار قائد پر جلسہ منعقد ہوگا، جس کی بھرپور تیاری کی جائے ۔ یہ کراچی کی تاریخ کا بڑا جلسہ ہوگا‘دریں اثناء سندھ حکومت نے  پی ٹی آئی  کو جناح گرائونڈ میں جلسہ کرنیکی اجازت دینے کا فیصلہ  کیا ہے۔صوبائی وزیر ناصر شاہ نے کہا ہے سہیل آفریدی سیاسی سرگرمیاں کریں، جلسہ بھی کر سکتے ہیں ۔ پی ٹی آئی سمیت کسی بھی جماعت کی پرامن جدوجہد کو نہیں روکا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی سرگرمیوں کے دوران اگر قانون کی خلاف ورزی ہوئی تو مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، تاہم جلسے کی کوئی پابندی نہیں ہے جبکہ  تحریک انصاف کی کورنگی میں جلسے کی درخواست مسترد کردی گئی۔ڈپٹی کمشنر کورنگی  نے کہا ہے کہ جلسہ کا مقام مین روڈ ہے ٹریفک میں خلل کا اندیشہ ہے، اجازت نہیں دے سکتے، متبادل جگہ کا فیصلہ کرکے شرکا کی متوقع تعداد، دیگر معلومات دیں غور کیا جائے گا