وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف بننے والے فارورڈ بلاک نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے تحریک کا اعلان کر دیا

پی ٹی آئی کا قومی اسمبلی کے سامنے دھرنا
 10 جون کو جب قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس منعقد ہوگا، تو اس موقع پر ہم وفاقی بجٹ کے خلاف اور بانی پی ٹی آئی کے حقوق کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ کے بالکل سامنے احتجاج کریں گے:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی
پشاور ( مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 10 جون کو قومی اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے، 10 جون کو جب قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس منعقد ہوگا، تو اس موقع پر ہم اس وفاقی بجٹ کے خلاف اور بانی پی ٹی آئی کے حقوق کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ کے بالکل سامنے ایک بڑا احتجاجی دھرنا دیں گے۔جب کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف بننے والے فارورڈ بلاک نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے تحریک کا اعلان کر دیا۔ پشاور میں فارورڈ بلاک میں شامل ممبران کی دوسری بیٹھک ہوئی جس میں 20 سے زائد ارکان نے شرکت کی، ناراض ممبران کا کہنا تھا کہ جامع اور قابل عمل حکمت عملی نہ ہونے کے باعث بانی چیئرمین سے ملاقات نہیں کرائی جا رہی۔ناراض ممبران نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سمیت پارلیمنٹرینز کے اڈیالہ جیل کے باہر بار بار انتظار کے باوجود کوئی پیشرفت نہ ہوسکی، پارٹی کی جانب سے جاری تحریک غیر منظم اور غیر سنجیدگی کی عکاسی کرتی ہے۔ممبران کا کہنا تھا کہ اگلے مالی سال کے بجٹ سے متعلق علیمہ خان کا موقف خوش آئند ہے، ارکان کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین سے وزیر اعلیٰ اور خاندان کی ملاقات نہ ہونے تک بجٹ اسمبلی میں پیش نہ کیا جائے۔