بانی پی ٹی آئی نے جلسہ صرف پاکستان کی خاطر منسوخ کیا: سہیل آفریدی

جو پذیرائی پاکستان کو مل رہی ہے یہ ہمارے لئے باعث فخر ہے، جو عمران خان کی پالیسی تھی اسے آج پوری دنیا نے سراہا‘ہمارے لیڈر نے کہا  تھا پرائی جنگ کاحصہ نہیں بننا چاہیے
پاکستان کے ساتھ درد رکھنے والا ایسا لیڈر کہاں ملے گا؟ صرف ہمیں نہیں سب کو ملک کے لئے قربانی دینی ہوگی‘ تحریک انصاف کو سیاسی سپیس دینا ہوگی:پریس کانفرنس
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے  جو پذیرائی پاکستان کو مل رہی ہے یہ ہمارے لیے باعث فخر ہے، عمران خان نے جلسہ صرف پاکستان کی خاطر منسوخ کیا۔پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ پریس ٹاک اڈیالہ جیل سے پیغام کے حوالے سے ہے، جو پذیرائی پاکستان کو مل رہی ہے یہ ہمارے لیے باعث فخر ہے، آج ہم نے دیکھا جو عمران خان کی پالیسی تھی اس کو پوری دنیا نے سراہا، ہمارا لیڈر کہہ رہا تھا ہمیں مذاکرات اور پرائی جنگ کا حصہ نہیں بننا، ہمیں افغانستان کے ساتھ ڈائیلاگ کرنے چاہئیں۔ عمران خان نے اڈیالہ جیل سے پیغام بھیجا کہ جلسہ موخر کردیا جائے، ہمارے لیڈر کو ناحق قید کیا ہوا ہے ان کی اہلیہ کے ساتھ بھی ناروا سلوک کیا جارہا ہے، عمران خان نے جلسہ صرف پاکستان کی خاطر منسوخ کیا پاکستان کے ساتھ درد رکھنے والا ایسا لیڈر کہاں ملے گا؟ صرف ہمیں نہیں سب کو ملک کے لیے قربانی دینی ہوگی۔وزیراعلیٰ نے کہا  عمران خان کا علاج نہیں کروایا جارہا انہیں ڈاکٹر اور ذاتی معالج کی اجازت نہیں دی جارہی، عمران خان کا علاج آئین اور قانون کے مطابق ہونا چاہیے، عمران خان نے 10 دن کے اندر کے پی میں بڑا جلسہ کرنے کے لیے  ہدایت دی ہیں۔سہیل آفریدی نے کہا  پاکستان تحریک انصاف کو سیاسی سپیس دینا ہوگا، 100 دن میں امن آسکتا ہے۔