پی ٹی آئی کا دھرنا ختم‘بانی کی رہائی کیلئے فورس بنانے کافیصلہ عید کے بعد فورس کے ارکان سے حلف لیا جائیگا:سہیل آفریدی

بہنوں کے جذبات درست ہیں، ان کو ملاقات کی اجازت دی جائے، بانی کی آنکھوں کی بہتری کی ہمیں امید ہے، شفا انٹرنیشنل منتقل کیا جائے:راجہ ناصر عباس
پہلے تیاری کریں گے پھر لڑائی کریں گے، عمران خان جس کو ذمہ داری دیں گے اس کو اس فورس کی کمانڈ دیں گے:سہیل آفریدی کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی )سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس  نے کہا ہے  پارلیمنٹ میں دیا گیا دھرنا ہم ختم کررہہے ہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ممبران اسمبلی نے بانی کی صحت کو لے کر احتجاج کیا، ہم صحت کے معاملے کو عدالت لے کر گئے، ہمارا مطالبہ یہی تھا کہ ذاتی معالجین کو ملایا جائے۔راجہ ناصر عباس کا کہنا ہے کہ ہم نے دیکھا پارلیمنٹ کو جیل خانہ بنا دیا گیا تھا، ہم پارلیمنٹ سے باہر جارہے تھے کہ راستے بند کر دیے گئے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ احتجاج میں ہم پر بہت سی بندشیں لگا دی گئیں، بانی کی آنکھ سے متعلق خبر آئی تو محمود اچکزئی نے کہا کہ ہم بھوک ہڑتال کریں گے۔ان کا کہنا ہے کہ ہم نے اسی لئے  احتجاج کیا ذاتی معالجین کو بانی تک رسائی دی جائے‘وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے با نی پی ٹی آئی  عمران خان کی رہائی کے لئے  فورس بنانے کا اعلان کر دیا۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا مجھے بانی کی طرف سے اسٹریٹ موومنٹ کی ذمہ داری دی گئی ہے، عدالتی احکامات ردی کی ٹوکری میں پھینکے جاتے ہیں، ذاتی معالجین تک رسائی نہیں دی جاتی۔ان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی رہائی فورس کا اعلان کرتا ہوں، اس فورس کی رجسٹریشن کریں گے، بانی رہائی فورس پرامن جدوجہد کرے گی، عید کے فورا بعد 22 فروری کو پشاور میں ہم فورس ممبران سے حلف لیں گے، اس فورس کا چین آف کمانڈ ہوگا، عمران خان جس کو ذمہ داری دیں گے اس کو اس فورس کی کمانڈ دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلے تیاری کریں گے پھر لڑائی کریں گے، یہ لڑائی جمہوریت اور آئین کی بالادستی اور آزاد میڈیا کے لئے ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں سہیل آفریدی کا کہنا تھا پی ٹی آئی میں جو مجھے ہٹانے کی خواہش رکھتے ہیں وہ جان لیں عزت و ذلت اللہ دیتا ہے، مجھے ہٹانے سے متعلق کس نے پیغام دیا یہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے پوچھ لیں۔