جرات ہے تو پاکستان آئیں اور یہ سیاسی جنگ یہاں لڑیں، یورپ میں پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس سہولت کے خلاف لابنگ کر کے یہ عناصر ملک دشمنی کر رہے ہیں
اگر یہ سب کچھ بھارت کرے تو سمجھ آتی ہے لیکن خو دکو پاکستانی کہنے والے جب ملک دشمنی کریں تو وہ ’’ننگِ وطن اور غدار‘‘ہی کہلائیں گے:وزیر دفاع کا ایکس پر بیان
اسلام آباد(آئی این پی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے پی ٹی آئی بھگوڑے بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔وزیر دفاع نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں عمران خان کی جماعت کے بیرونِ ملک رہنے والے رہنمائو ں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے پی ٹی آئی کے بھگوڑے پہلے پاکستان کو لوٹ کر گئے اور اب بیرون ملک پاکستانیوں سے پیسہ بٹور کر پرتعیش زندگی گزار رہے ہیں۔ اگر ان میں جرات ہے تو پاکستان آئیں اور یہ سیاسی جنگ یہاں لڑیں، یورپ میں پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس سہولت کے خلاف لابنگ کر کے یہ عناصر ملک دشمنی اور غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں۔وزیر دفاع نے کہا ہے کہ سیاسی آزمائشیں بے نظیر بھٹو شہید اور نواز شریف نے بھی دیکھیں مگر کبھی وطن کے مفادات کو نشانہ نہیں بنایا، سیاسی لڑائیاں پاکستان کی سرزمین پر لڑیں اور اس کی قیمت بھی ادا کی لیکن ریاست اور قوم کو نقصان پہنچانے کا سوچا تک نہیں۔انہوں نے کہا اگر یہ سب کچھ بھارت کرے تو سمجھ آتی ہے لیکن اپنے آپ کو پاکستانی کہنے والے جب ملک دشمنی کریں تو وہ "ننگِ وطن اور غدار" ہی کہلائیں گے۔