آرمی چیف کا دہشت گردی و انتہا پسندی کی تمام شکلوں کو ختم کرنے کا اعلان ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد اور سہولت کاروں کا خاتمہ کیا جائیگا :جنرل عاصم منیر

ریاست کے خلاف فتنہ الخوارج کی مذموم سرگرمیوں، سہولت کار کے ساتھ ان کی مالی معاونت کرنے والوں کا بھی خاتمہ کیا جائے گا،پاکستان کی مسلح افواج کی جرات، لچک اور غیرمتزلزل عزم ملک کی خودمختاری کا سنگ بنیاد ،سکیورٹی فورسز کے جوان قوم کے حقیقی ہیرو 
 قوم کو دہشت گردی سے نبردآزما جوانوں پر فخر، شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائیگا، قوم کی پرعزم حمایت پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کی بحالی کو یقینی بنایا جائے گا،وانا میں جوانوں سے خطاب
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ریاست کے خلاف مذموم سرگرمیوں میں ملوث افراد، اْن کے سہولت کاروں اور مالی معاونت کرنے والوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف نے اتوارکوجنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا جہاں انہیں موجودہ سکیورٹیٰ صورت حال اور انسداد دہشت گردی کیخلاف جاری کارروائیوں پر جامع بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کی اور دہشت گردی کے مقابلے میں ان کی غیر متزلزل لچک و ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو قوم کا حقیقی ہیرو قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ قوم کو دہشت گردی سے نبردآزما جوانوں پر فخر ہے، شہداء پاکستان کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ قوم کی پرعزم حمایت پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کی بحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انشا اللہ! دہشت گردی اور انتہا پسندی اور اس کی تمام شکلوں کو ختم کیا جائے گا جس کے لیے ہم پْرعزم ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج کی جرات، لچک اور غیرمتزلزل عزم ملک کی خودمختاری کا سنگ بنیاد ہے۔ آرمی چیف نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کو قوم کا حقیقی ہیرو قرار دیا اور کہا کہ ان کی بہادری اور بے لوث لگن پورے ملک کے لیے قابل فخر ہے۔آرمی چیف نے فتنہ الخوارج کے تعاقب کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ ریاست کے خلاف ان کی مذموم سرگرمیوں، سہولت کار کے ساتھ ساتھ ان کی مالی معاونت کرنے والوں کا بھی خاتمہ کیا جائے گا۔قبل ازیں وانا پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔