امن و امان کی بحالی اولین ترجیح، صوبے میں کوئی شاہراہ بند نہیں ہوگی ‘ہر ضلعی افسر اپنے علاقے میں ریاستی رٹ قائم کرنے کا ذمہ دار ہے
ہر تعلیمی ادارے میں قومی ترانہ پڑھا اور پاکستانی پرچم لہرایا جائیگا‘احکامات پر عمل نہ کرنیوالے تعلیمی اداروں کے سربراہ عہدہ چھوڑ دیں:وزیراعلی
کوئٹہ (آئی این پی) وزیر اعلیٰ بلو چستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ریاست کے ہر ادارے اور ہر فرد کی جنگ ہے جس سے ہمیں مل کر لڑنا ہے،بلوچستان کے ہر تعلیمی ادارے میں قومی ترانہ پڑھا اور پاکستان کا قومی جھنڈا لہرایا جائے گاجن تعلیمی اداروں کے سربراہان ان احکامات کی پابندی نہیں کروا سکتے وہ اپنے عہدے سے دستبردار ہو جائیں، کسی چیک پوسٹ پر بھتہ خوری نہیں چلے گی ایسی کوئی بھی مصدقہ شکایت ملی تو متعلقہ ایس ایچ او یا رسالدار لیویز نہیں رہے گا،بلوچستان کا کلچر روایتوں کا امین ہے جس میں مسافروں اور معصوم مزدوروں کے قتل کا سوچا بھی نہیں جاسکتا،آئینی حلف کی پاسداری ضروری ہے ریاست مخالف عناصر کے سامنے نہیں جھکنا،امن و امان کی بحالی اولین ترجیح ہے صوبے میں کوئی شاہراہ بند نہیں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز انتظامی افسران کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر تے ہو ئے کیا۔چیف سیکرٹری بلوچستان، آئی جی پولیس ،محکمہ داخلہ ، ایس اینڈ جی اے ڈی، محکمہ تعلیم ، محکمہ صحت ، محکمہ خزانہ کے سیکرٹریز نے شرکت کی جبکہ بلوچستان کے تمام ڈویژن کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز ، ڈی آئی جیز اور ضلعی پولیس آفسران ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک رہے۔ اجلاس میں فرائض کی انجام دہی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کے لئے دعا و فاتحہ خوانی کی گئی حکام کی اجلاس کو بلوچستان میں امن و امان اور سروس ڈلیوری سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی