یہ عناصر پاکستان کی سالمیت کے خلاف سرگرم ہیں‘ پاکستان دشمنی کا کھل کر اظہار کر رہے ہیں، احتجاج کے پیچھے موجود لوگ بھارت کے حمایت یافتہ ہیں ‘ ان کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں
جو زبان اور الفاظ یہ عناصر استعمال کر رہے ہیں، پاکستان سے محبت کرنے والا کوئی بھی کشمیری یا ملک کے کسی بھی حصے سے تعلق رکھنے والا شہری اس انداز میں بات نہیں کر سکتا:وزیر دفاع
اسلام آباد(آئی این پی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے راولاکوٹ میں جاری احتجاج کے پیچھے موجود عناصر کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے اور ان کے خلاف کارروائیاں جاری بھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عناصر پاکستان کی سالمیت کے خلاف سرگرم ہیں اور پاکستان دشمنی کا کھل کر اظہار کر رہے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ احتجاج کے پیچھے موجود لوگ بھارت کے حمایت یافتہ ہیں اور ان کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔جو زبان اور الفاظ یہ عناصر استعمال کر رہے ہیں، پاکستان سے محبت کرنے والا کوئی بھی کشمیری یا ملک کے کسی بھی حصے سے تعلق رکھنے والا شہری اس انداز میں بات نہیں کر سکتا۔ایسے عناصر کو پاکستان دشمنوں کی صف میں شامل کیا جانا چاہیے۔فورسز پر حملے کرنے اور سیکیورٹی اہلکاروں کو شہید کرنے والے عناصر سے مذاکرات کے امکان سے متعلق سوال پر وزیر دفاع نے کہا کہ ان کے خیال میں ایسے لوگوں کے ساتھ کسی قسم کا مذاکراتی عمل نہیں ہونا چاہیے۔وہ ان عناصر کو بھی اسی زمرے میں رکھتے ہیں جس میں بھارت کو رکھا جاتا ہے، کیونکہ ان کے نزدیک یہ عناصر بھی پاکستان دشمن ہیں۔آزاد کشمیر میں پہلے مرحلے کے انتخابات سے متعلق سوال پر خواجہ آصف نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہوئی ہے، تاہم اس مرحلے پر حتمی پیش گوئی کرنا قبل از وقت ہوگا۔