چین پاکستان میں 550 ملین ڈالر سرمایہ کاری کرے گا ایشیائی بینک 4 کروڑ80 لاکھ ڈالر اضافی قرض دے گا

 چین سی پیک فیز ٹو کے تحت پاکستان کی صنعتی ترقی، زرعی جدت اور بڑے رابطہ کاری منصوبوں کے فروغ کیلئے مکمل تعاون جاری رکھے گا:چینی سفیر
ایشیائی بینک کے فنڈز بلوچستان میں پانی سے متعلق منصوبے پر خرچ ہوں گے،جدید پائپڈ واٹر سپلائی سسٹم متعارف، پانی کے ضیاع میں نمایاں کمی آئے گی
اسلام آباد(آن لائن‘آئی این پی) پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ڑائی دونگ نے کہا ہے  چین سی پیک فیز ٹو کے تحت پاکستان کی صنعتی ترقی، زرعی جدت اور بڑے رابطہ کاری منصوبوں کے فروغ کیلئے مکمل تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے ان شعبوں کو پاکستان کی طویل المدتی معاشی بحالی کا بنیادی ستون قرار دیا۔گوادر پرو کے مطابق اسلام آباد میں علاقائی روابط کی نئی جہتیں: پاک–چین دوستی اور نیا جیو اکنامک منظرنام کے عنوان سے منعقدہ پالیسی ڈائیلاگ سے ویڈیو خطاب میں سفیر نے بتایا کہ چین اہم پیداواری شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔گوادر پرو کے مطابق انہوں نے بتایا کہ چین عنقریب دو بڑے صنعتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کرے گا جن میں 400 ملین ڈالرمالیت کا ہائر ہوم اپلائنسز انڈسٹریل پارک شامل ہے، جو سالانہ ایک کروڑ یونٹس تیار کرے گا۔ اسی طرح 150 ملین ڈالرکا چیلنج گروپ ٹیکسٹائل انڈسٹریل پارک متوقع طور پر400 ملین ڈالر کی سالانہ برآمدات پیدا کرے گا۔دریں اثناء ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 4 کروڑ80 لاکھ ڈالر اضافی قرض کی منظوری دے دی۔ جاری اعلامیہ کے مطابق اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر ایمافین  نے کہا ہے کہ فنڈز صوبہ بلوچستان میں پانی سے متعلق منصوبے پر خرچ ہوں گے، جدید پائپڈ واٹر سپلائی سسٹم متعارف، پانی کے ضیاع میں نمایاں کمی آئے گی، صوبے میں پانی کی شدید قلت اور موسمیاتی اثرات کے باعث زرعی شعبہ دبائو  میں ہے