رقم پنجاب میں شہروں میں صفائی اور پانی کی سہولیات کیلئے خرچ ہوگی، بارشوں کے پانی کا نکاس، سیوریج اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ سسٹمز اپ گریڈ کئے جائیں گے
اے ڈی بی کی معاونت پائیدار سماجی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا،پنجاب میں تعلیم و صحت کے شعبوں کی بہتری کیلئے دو اہم پروگرامز شروع کیے جائیں گے
اسلام آباد(آئی این پی ) َعالمی بینک نے پاکستان کیلئے 40 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔عالمی بینک کے جاری اعلامیہ کے مطابق رقم صوبہ پنجاب میں شہروں میں صفائی اور پانی کی سہولیات کیلئے خرچ ہوگی، منصوبہ سے پنجاب کے 16 شہروں میں محفوظ پانی و صفائی کی سہولیات میسر آئیں گی، بارشوں کے نکاس، پانی، سیوریج اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ سسٹمز اپ گریڈ کئے جائیں گے، 20 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔عالمی بینک کے مطابق منصوبہ صحت اخراجات میں کمی اور پانی سے پیدا بیماریوں میں کمی لائے گا، مقامی حکومتوں کی استعداد کار اور ریونیو بڑھانے میں بھی مدد ملے گی‘ دریں اثناء پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی )کے درمیان 257 ملین ڈالر کے ترقیاتی معاہدوں پر دستخط بھی ہوگئے ۔معاہدوں پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے دستخط کیے جبکہ حکومت پنجاب کی جانب سے سیکرٹری اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور سیکرٹری اسپیشلائز ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ نے دستخط کئے ۔اس حوالے سے ترجمان وزارت اقتصادی امور کا کہنا ہے کہ پنجاب میں تعلیم و صحت کے شعبوں کی بہتری کے لئے دو اہم پروگرامز شروع کیے جائیں گے‘ جدید ایس ٹی ای ایم لیبز اور اساتذہ کی تربیت کے ذریعے سیکنڈری تعلیم میں انقلابی تبدیلیاں ہوں گی۔ پنجاب نرسنگ و ہیلتھ ورکس فورس ریفارم پروگرام کے لیے 150 ملین ڈالر کی معاونت ملے گی جبکہ لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں نرسنگ کے 3 سینٹرز آف ایکسی لینس قائم کیے جائیں گے۔