ایشوریا رائے کا سٹریٹ ہراسمنٹ کے خلاف پیغام، خواتین کو ہراسانی کے خلاف آواز اٹھانے کی ترغیب

ایشوریا رائے کا سٹریٹ ہراسمنٹ کے خلاف پیغام، خواتین کو ہراسانی کے خلاف آواز اٹھانے کی ترغیب

مشہور بھارتی اداکارہ ایشوریا رائے بچن نے خواتین کو سٹریٹ ہراسمنٹ کے خلاف آواز اٹھانے کی ترغیب دیتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔

 یہ ویڈیو ایک معروف برانڈ کے "اسٹریٹ ہراسمنٹ کے خلاف اسٹینڈ اپ ٹریننگ پروگرام" کا حصہ ہے۔ویڈیو میں ایشوریا نے کہا کہ خواتین کو سٹریٹ ہراسمنٹ کا سامنا کیسے کرنا چاہیے؟ انہوں نے کہا کہ نظریں چرا کر اس کا سامنا نہ کریں، بلکہ ہراسمنٹ کا مقابلہ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو اپنے لباس، میک اپ یا لپ اسٹک کو اس کا ذمہ دار نہیں ٹھہرانا چاہیے۔ وہ خواتین کو اپنی قدر پر سمجھوتا نہ کرنے اور یاد رکھنے کی تلقین کر رہی ہیں کہ سٹریٹ ہراسمنٹ کبھی بھی ان کی غلطی نہیں ہوتی۔

ایشوریا نے اس ویڈیو کے ذریعے خواتین کو سٹریٹ ہراسمنٹ کے خلاف آواز اٹھانے کی ترغیب دی ہے، جس پر ان کے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔یہ پیغام اس وقت سامنے آیا ہے جب ایشوریا اور ان کے شوہر ابھیشیک بچن کے درمیان علیحدگی کی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ حالیہ دنوں میں ایشوریا نے اپنی بیٹی آرادھیا کی سالگرہ کی تصاویر شیئر کیں، جن میں بچن خاندان کے کسی فرد، خاص طور پر ابھیشیک کی غیر موجودگی نے ان قیاس آرائیوں کو مزید تقویت دی ہے۔ تاہم، اس کے بعد ابھیشیک بچن نے اپنی بیٹی کے نام سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا اور ایک انٹرویو میں کہا کہ ایشوریا کی موجودگی ان کے گھر میں رونق کا سبب ہے، جس سے علیحدگی کی افواہوں کا خاتمہ ہوا۔