سپیکر قومی اسمبلی کا شہید رینجرز و پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت

    اسلام آباد (یواین پی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا گذشتہ شب سری نگر ہائی وے پر رینجرز اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید جوانوں نے اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔منگل کو اپنے پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے واقعہ میں رینجرز اور پولیس اہلکاروں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ، اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔سپیکر قومی اسمبلی نے شہید رینجرز اور پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا ہے۔