راستے بند ہونے سے لاہور‘اسلام آباد‘راولپنڈی میں اشیاء کی قلت‘سبزیاں مہنگی(کئی پٹرول پمپ بند)

گاڑیوں میں دوسرے شہر لے جانے والے مویشی ہلاک، انڈوں سبزیوں کی سپلائی معطل، ٹماٹر کی قیمت 700 روپے کلو تک پہنچ گئی
سامان  والے کنٹینرز سڑکوں پر کھڑے ہیں، میڈیکل سٹورز پر ادویات پہنچنا  اور مریضوں کی ہسپتالوں تک رسائی بھی ناممکن ہو چکی ہے

وزارت پٹرولیم نے پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی میں خلل کا  نوٹس لے لیا‘پٹرول و ڈیزل کی فراہمی یقینی بنائی جائے: مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت  

 لاہور (سپیشل رپورٹر‘ایجنسیاں) ملک کے کئی شہروں میں راستوں کی بندش سے سندھ اور پنجاب کی سرحد پر گاڑیوں کی کئی کلومیٹر قطاریں لگ گئی ہیں، گاڑیوں میں لدا مال خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کمالیہ سے روزانہ 40 لاکھ انڈوں کی سپلائی رک گئی ہے جب کہ دو روز سے پھنسی گاڑیوں میں دس مویشی ہلاک ہوچکے ہیں، اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں میں اجناس، سبزیوں اور پھلوں کی رسد بند ہونے سے سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں، ٹماٹر کی ٹرپل اور پیاز کی ڈبل سنچری ہوچکی ہے، لاہور میں مرغی کے گوشت کی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے، راولپنڈی اور اسلام آباد میں پیٹرول اور ڈیزل کا سٹاک ختم ہونے کا خدشہ ہے۔بتایا گیا ہے کہ سیالکوٹ سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں داخلی و خارجی راستے بند ہونے سے ٹماٹر کی قیمت 700 روپے تک پہنچ گئی ہے، راستے بند ہونے کی وجہ سے عوام کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیوں کہ راستوں کی بندش کی وجہ سے سبزیاں اور پھل منڈی نہ پہنچ سکے، جس کی وجہ سے منافع خوروں نے سبزیاں اور پھل مزید مہنگے کر دیئے۔دریں اثناء وزارت پیٹرولیم نے پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی میں خلل پر نوٹس لے لیا  ۔ترجمان کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن نے مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ پیٹرول و ڈیزل کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔  پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر راستوں کی بندش سے پیٹرول پمپوں کو سپلائی معطل ہے اور کچھ پمپوں پر پیٹرول کا ذخیرہ ختم ہونے کی اطلاعات ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں اتنا اثر نہیں ہو رہا مگر پنجاب اور کے پی میں ٹینکر نہیں پہنچ پا رہے، اطلاعات ہیں کہ راستے بند ہونے سے کی گاڑیاں بند ہوچکی ہیں