ہڑتال کی کال واپس لینے کے باوجود کئی شہروں میں پٹرول پمپ بند

آئل ٹینکرز اور کنٹریکٹرز کا مطالبات کی منظوری کیلئے72گھنٹوں کا الٹی میٹم، پہیہ جام ہڑتال کی دھمکی
لاہور‘کراچی(زیڈ این این‘آئی این پی) مختلف علاقوں میں بعض پیٹرول پمپس بند ہونے کے باعث کھلے ہوئے پیٹرول پمپس پر شہریوں کا غیرمعمولی رش دیکھنے میں آیا، جبکہ ایندھن کے حصول کے لیے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔پیٹرولیم ڈیلرز کے مطابق ہڑتال کی کال واپس لیے جانے کے باوجود بعض پمپ مالکان نے رضاکارانہ طور پر اپنے پیٹرول پمپس بند رکھے، جس کے باعث متعدد علاقوں میں شہریوں کو ایندھن کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا‘دریں اثناء پاکستان آئل ٹینکرز اور کنٹریکٹرز نے حکومت کو مطالبات کی منظوری کیلئے  72 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک گیر ہڑتال کی جائے گی، جس کی ذمہ داری وزارتِ پیٹرولیم اور اوگرا پر ہوگی۔ انہوں نے وائٹ آئل پائپ لائن کے کوٹے میں اضافے اور کمرشل لوڈنگ فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آل پاکستان آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عابد اللہ آفریدی نے کہا کہ گزشتہ تین سال سے آئل ٹینکرز کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا گیا، جبکہ موٹروے اور این ایچ اے ٹول ٹیکس میں 180 فیصد اضافہ ہو چکا ہے، اس لیے ٹول ٹیکس کے تناسب سے کرایوں میں بھی اضافہ کیا جائے۔