مارچ روکنے کا پلان تیار، رپیٹر گنز اور ربڑ کی ہزاروں گولیوں کی ڈیمانڈ‘لانگ مارچ میں استعمال کیلئے غلیلوں سے بھری گاڑی پکڑی گئی
اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے پیش نظر اسلام آباد کو کنٹینروں سے بھر دیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت کے مختلف راستوں پر ایک ہزار سے زائد کنٹینر لگادیے گئے۔ شہر کے اندر بھی ایک ہزار کنٹینر پہنچا دیے گئے ہیں۔ موٹروے ایم ون کی بندش سے خیبر پختونخوا کو اشیاء خور و نوش کی ترسیل متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ دال، چاول اور دیگر ضروری اشیا کی سپلائی میں رکاوٹ برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں مارکیٹ میں قلت اور قیمتوں میں اضافے کا سامنا ہوسکتا ہے۔خیبر پختونخوا کو ملک کے دیگر حصوں سے اشیائے خور و نوش کی ترسیل میں موٹروے ایم ون اہم ذریعہ ہے۔ تاہم موٹروے کی بندش سے اشیائے ضروریہ کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔لانگ مارچ سے نمٹنے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔ راولپنڈی میں 26 انٹری پوائنٹس اور 73 بلاکنگ پوائنٹس پر پولیس تعینات ہوگی۔ لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے 500 ریپٹر گنز اور 57 ہزار ربڑ کی گولیوں کی ڈیمانڈ کی گئی ہے۔ پولیس کی جانب سے 710 آنسو گیس گنز اور ہزاروں اضافی آنسو گیس شیلز بھی طلب کیے گئے ہیں۔ لانگ مارچ کی نگرانی کے لیے 12 کواڈ کاپٹرز اور ان کے آپریٹرز بھی طلب کرلیے گئے ہیں۔ ممکنہ فسادات سے نمٹنے کے لیے 4 ہزار 50 اینٹی رائٹ کٹس اور 4 ہزار لانگ ٹرانسپیرنٹ شیلڈز کی ڈیمانڈ کی گئی ہے، جبکہ پولیس کے لیے 1500 بلٹ پروف ہیلمٹ اور 1500 بلٹ پروف جیکٹس بھی طلب کی گئی ہیں۔پشاور میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے لیے جانے والی غلیلوں کی کھیپ پکڑی گئی۔