چینی200 روپے کلو‘دوسری اشیاء بھی مہنگی‘ہزاروں روپے کے بجلی بل شہریوں نے ادائیگی کیلئے گھریلو اشیاء بیچنا شروع کردیں

ایک ہفتے کے دوران آلو 2.79فیصد،پیاز 6.25 فیصد، ٹماٹر13.45 فیصد،لہسن 2.36 فیصد، گڑ1.89 فیصد، چینی 1.90 فیصد،باسمتی ٹوٹا چاول کی قیمتوں میں0.84 فیصد اضافہ
مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں22.61 فیصد اضافہ  ہوگیا:ادارہ شماریات کی رپورٹ‘پھل بھی غریب  کی پہنچ سے باہر ہوگئے‘حکمران اب مہنگائی پر کیوں خاموش ہیں:شہری

اسلام آباد‘لاہور(آئی این پی‘سپیشل رپورٹر)ملک میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مزید بڑھ گئی ہیں۔رواں مالی سال 2025-26 کے دوسرے ہفتے میں بھی ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان جاری ہے۔ حالیہ ایک ہفتے کے دوران ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں اضافے کی رفتار میں 0.95فیصد اضافہ جب کہ اس سے پچھلے ہفتے بھی 0.73 فیصد اضافہ ہو تھا۔ اسی طرح حالیہ ہفتے میں سالانہ بنیاد پر مہنگائی میں اضافے کی رفتار کی شرح 1.23 فیصد رہی ہے ۔وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق ایک ہفتے میں 19اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 6اشیا سستی اور 26 کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔حالیہ ایک ہفتے کے دوران آلو کی قیمتوں میں 2.79فیصد،پیاز کی قیمتوں میں6.25 فیصد، ٹماٹرکی قیمتوں میں13.45 فیصد،لہسن کی قیمتوں میں2.36 فیصد، گڑکی قیمتوں میں1.89 فیصد، چینی کی قیمتوں میں1.90 فیصد،باسمتی ٹوٹا چاول کی قیمتوں میں0.84 فیصد اور چکن کی قیمتوں میں22.61 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ادارہ شماریات پاکستان کے مطابق ایک ہفتے میں چینی کی اوسط قیمت میں3 روپے 52 پیسے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ملک میں چینی کی اوسط قیمت بڑھ کر 188 روپے 44 پیسے فی کلو ہوگئی ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق کراچی، اسلام آباد اور راولپنڈی میں چینی 200 روپے فی کلو تک پہنچ گئی‘اس کے علاوہ ایل پی جی کی قیمتوں میں2.56 فیصد،سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں0.81 فیصد،دال مونگ کی قیمتوں میں0.41 فیصد، کوکنگ آئل کی قیمتوں میں0.20 فیصد، وناسپتی گھی کی قیمتوں میں0.02 فیصد اور آٹے کی قیمتوں میں0.02 فیصد کمی ہوئی ہے۔دریں اثناء مہنگائی کے ساتھ غربت میں پسے ہوئے شہریوں کو ہزاروں روپے کے بجلی بل آنے کا سلسلہ بھی جاری رہا‘کم آمدن اور کم تنخواہ والوں کے لئے بلوں اور گھروں کے کرایوں کی ادائیگی مشکل ہو چکی ہے‘لوگ بل ادا کرنے کے لئے گھریلو اشیاء سستے دامو ں بیچنے پر مجبور ہو گئے ہیں‘ایک سروے کے دوران شہریوں نے حکمرانوں سے سوال کیا ہے کچھ عرصہ پہلے تو روز مہنگائی کم ترین سطح پر ہونے کے دعوے کئے جاتے تھے‘اب ہر چیز کی قیمت میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے جس کو روکنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے‘اب اس مہنگائی پر حکمران کیو ں خاموش ہیں