مکہ پر حملہ ناقابل معافی‘سعودیہ کیساتھ کھڑے ہیں شہبازشریف
پاکستان کے عوام اس اشتعال انگریز اقدام پر دکھی ہیں‘ تمام فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ اور مزید کشیدگی سے گریز کرنے کی اپیل ہے، مذاکرات اور سفارت کاری پائیدار امن کا واحد راستہ ہے
ریلیف فراہم کرنے کے لئے سہولت ڈیسک پر موجود افراد سکیم کے مستحق شہریوں کی مدد کریں، عوام کو رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے:وزیراعظم
اسلا م آباد(آئی این پی ‘مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ المکرمہ پر مبینہ ڈرون حملے کی گھنائونی کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل معافی قرار دیا اور کہا ہے پاکستان کے عوام اس پر افسردہ اور مضطرب ہیں، حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے پوری قوم سعودیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسجدِ حرام، مکہ المکرمہ کے مقدس مقام پر ہونے والے بزدلانہ اور گھنائونے ڈرون حملے کی کوشش کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اس اشتعال انگیز اور افسوسناک اقدام پر دکھی اور شدید تشویش میں مبتلا ہیں، اس قابلِ مذمت اور ناقابلِ معافی کارروائی کے نتیجے میں ہمارے دلوں میں جو گہرا دکھ، کرب اور اضطراب پیدا ہوا ہے، اسے بیان کرنے کیلئے الفاظ ناکافی ہیں۔وزیراعظم کا کہنا ہے ہم سعودی مسلح افواج کی غیرمعمولی مستعدی، شجاعت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس خطرے کا مقابلہ کیا۔شہباز شریف کا کہنا ہے میں ایک بار پھر تمام فریقین سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے اور مزید کشیدگی کے دہانے سے پیچھے ہٹنے کی اپیل کرتا ہوں، ہمارا خطہ پہلے ہی تنازعات کی بہت بھاری قیمت ادا کرچکا ہے، پائیدار امن کے حصول کے لئے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہے‘دریں اثناء شہباز شریف کی زیر صدارت خلیج کی صورتحال کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے لیے پی ایم سپیشل ریلیف سکیم کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔شہباز شریف نے عوام کے لیے سبسڈی کے آسان حصول کے لیے انتظامیہ، رضاکاروں اور پٹرول پمپ کے عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے سہولت ڈیسک پر موجود افراد سکیم کے مستحق شہریوں کی رہنمائی کریں، عوام کو رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو عوام میں سکیم سے متعلق کسی بھی قسم کی آگاہی کے لیے متحرک رہنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں وزیراعظم کو فیول سبسڈی سکیم کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا‘علاوہ ازیںشہباز شریف نے چھوٹے کاروبار کی مالی معاونت اور اس کی عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے جامع حکمت عملی بناے کا حکم دیا ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سمیڈا کو ملک بھر میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروباری افراد کی مالی معاونت، فنی استعداد بڑھانے اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لئے جامع حکمت عملی مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروباری افراد کو مالی معاونت اور سہولیات فراہم کرنے کے لئے سمیڈا کی زیر نگرانی جاری اقدامات کا جائزہ اجلاس وزیراعظم کی زیر صدارت ہوا، جس میں انہوں نے ہدایت کی کہ ملک کے طول و عرض میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروباری افراد کی مالی معاونت کے لئے سمیڈا جامع حکمت عملی وضع کرے۔انہوں نے کہا کہ سمیڈا کے ادارہ جاتی مقاصد میں ملک کے تمام علاقوں میں کاروبار کی ترغیب کے ساتھ مساوی سہولیات اور یکساں فنی معاونت کی فراہمی سرفہرست ہونی چاہیے