پاکستان کے سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور بھارتی شہریت اختیار کرنے والے گلوکار عدنان سمیع کے درمیان ایک بار پھر سوشل میڈیا پر لفظی جنگ دیکھنے کو ملی ہے۔
یہ تنازع اُس وقت شروع ہوا جب عدنان سمیع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابق ٹوئٹر) پر اپنی نئی ایئر فونز کی تصویر شیئر کی، جن پر بھارتی پرچم کا ڈیزائن نمایاں تھا۔ گلوکار نے بتایا کہ یہ خصوصی ڈیزائن امریکی کمپنی نے ان کی درخواست پر تیار کیا ہے، جو وہ لائیو کنسرٹس کے دوران استعمال کرتے ہیں۔عدنان سمیع کی اس پوسٹ پر جہاں سوشل میڈیا صارفین نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا، وہیں فواد چوہدری بھی پیچھے نہ رہے۔ انہوں نے عدنان کی پوسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے طنزاً لکھا:"کچھ دماغ بھی آرڈر کریں، ایئر پرو آپ کے لیے بہت کم ہے۔"یہ پہلا موقع نہیں ہے جب فواد چوہدری نے عدنان سمیع کو نشانے پر لیا ہو۔ گزشتہ ماہ بھارت کی جانب سے پاکستانی شہریوں کو ملک چھوڑنے کی ہدایت کے بعد بھی فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر سوال کیا تھا:
"عدنان سمیع کا کیا ہوگا؟"اس طنز کا جواب عدنان سمیع نے خاصی برہمی سے دیا اور فواد چوہدری کو "ناخواندہ احمق" قرار دے دیا۔انہوں نے کہا:"میں سمجھتا تھا کہ آپ وزیر اطلاعات ہیں، اور آپ کو یہ بھی علم نہیں... اور آپ سائنس کے وزیر تھے؟"عدنان سمیع 2016 میں پاکستانی شہریت ترک کر کے بھارت منتقل ہو گئے تھے، جہاں وہ ممبئی میں مقیم ہیں۔ اُن کا مؤقف ہے کہ وہ اب بھارتی شہری ہیں اور اپنے وطن سے محبت کے اظہار کا حق رکھتے ہیں، جبکہ پاکستان میں اُن کے اس فیصلے کو اب تک تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔یہ حالیہ نوک جھونک سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے، جہاں دونوں شخصیات کے حامی اور مخالف اپنے اپنے انداز میں ردعمل دے رہے ہیں۔