اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور وکیل سلمان اکرم راجا نے حکومت اور وزیرِاعظم کے مشیر پرویز خٹک پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ملاقاتوں کی اجازت نہیں دی جا رہی، جب کہ عمران خان کا ہفتہ وار دو ملاقاتوں کا حق آئینی اور عدالتی حکم کے تحت تسلیم شدہ ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرم راجا نے کہا کہ حکومت کی طرف سے پی ٹی آئی رہنماؤں کو گرفتار کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے پارٹی کے وکیل شیر افضل مروت کے فارم 47 سے متعلق بیان پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا لیکن اشارہ دیا کہ سب جانتے ہیں کہ اصل میں کون جیتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نہ تو انتخابات سے متعلق رپورٹ برداشت کر سکتی ہے اور نہ ہی صحافیوں کو آزادی حاصل ہے۔ سرور باری کے گھر اور دفتر پر حملہ اس کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ دور جھوٹے بیانیے اور جبر کا موسم ہے، لیکن پی ٹی آئی اس جبر کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔سلمان اکرم راجا نے وزیرِاعظم کے مشیر پرویز خٹک پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ "جھوٹ، فریب اور مکر کی حکومت میں پرویز خٹک جیسے لوگ ہی مناسب لگتے ہیں۔"پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ 26 نومبر کے حوالے سے ان کے پاس بہت سا مواد موجود ہے، لیکن موجودہ عدالتی ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے وہ حکمت عملی سے کام لے رہے ہیں تاکہ بہتر فیصلے کیے جا سکیں۔