لندن میں افسوسناک آتشزدگی: ایک ہی برٹش پاکستانی خاندان کے 4 افراد جاں بحق

لندن میں افسوسناک آتشزدگی: ایک ہی برٹش پاکستانی خاندان کے 4 افراد جاں بحق

لندن کے علاقے برینٹ میں ایک افسوسناک آتشزدگی کے واقعے میں ایک برٹش پاکستانی خاندان کے چار افراد جاں بحق ہو گئے۔

برطانوی میڈیا اور پولیس کے مطابق یہ واقعہ شمال مغربی لندن کے ایک رہائشی علاقے میں پیش آیا جہاں آگ لگنے کے نتیجے میں گھر مکمل طور پر خاکستر ہو گیا۔لندن پولیس کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 43 سالہ نصرت عثمان، ان کی 15 سالہ بیٹی مریم میکائیل، 8 سالہ بیٹا موسیٰ عثمان اور 4 سالہ بیٹا رئیس عثمان شامل ہیں۔ اہلِ خانہ کی شناخت کے بعد مقامی کمیونٹی میں افسوس کی فضا چھا گئی ہے۔واقعے میں ایک 70 سالہ بزرگ خاتون اور ایک نوجوان لڑکی بھی شدید زخمی ہوئیں جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

یہ خاندان گزشتہ دو دہائیوں سے برطانیہ میں مقیم تھا اور برینٹ کی مقامی کمیونٹی میں اچھی شہرت رکھتا تھا۔پولیس نے واقعے کے بعد ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے تاہم اس کی شناخت اور آتشزدگی کی وجوہات کے بارے میں مزید تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔مقامی انتظامیہ اور پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ متاثرہ خاندان کے لیے تعزیتی پیغامات اور یکجہتی کا سلسلہ جاری ہے۔