بڈھ بیر کے علاقے عمر آباد میں زرعی زمین کے پانی کے تنازع پر پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ غنی ہوٹل کے قریب زرعی اراضی میں پیش آیا جہاں دو فریقین کے درمیان کھیت کے پانی کی تقسیم پر پرانا تنازع شدت اختیار کر گیا۔ تلخ کلامی کے بعد فائرنگ شروع ہو گئی جس کے نتیجے میں میاں، بیوی اور ان کا بیٹا موقع پر ہی دم توڑ گئے۔واقعے میں خاندان کا ایک اور بیٹا محمد عزیر بھی زخمی ہوا جسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس کی حالت کے حوالے سے طبی امداد جاری ہے۔پولیس نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ زمین کے پانی کے تنازع کا نتیجہ تھا جو کافی عرصے سے زیر التوا تھا اور حالیہ دنوں میں دوبارہ شدت اختیار کر گیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے میں ملوث 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جن میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ فائرنگ کا آغاز کس جانب سے ہوا اور تنازع کس حد تک بڑھا جس نے ایک ہی خاندان کو اس قدر بڑے نقصان سے دوچار کر دیا۔