پشاور میں گھر میں آتشزدگی، میاں بیوی سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق

پشاور میں گھر میں آتشزدگی، میاں بیوی سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق

پشاور: خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے تہکال پایان میں ایک گھر میں لگنے والی خوفناک آگ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ لاہور میں ٹریفک حادثے میں ایک موٹر سائیکل سوار جان کی بازی ہار گیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق پشاور میں آگ گھر کے ہال میں لگی، جہاں فرنیچر، فوم اور دیگر آتش گیر سامان موجود تھا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔ریسکیو اہلکاروں نے سرچ آپریشن کے دوران گھر کے ایک کمرے سے 6 افراد کی لاشیں برآمد کیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں میاں، بیوی اور ان کے بچے شامل ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ تمام افراد کی موت آگ کی شدید تپش اور دھویں کے باعث دم گھٹنے سے ہوئی۔ آتشزدگی کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں، تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔دوسری جانب لاہور کے علاقے تھانہ ڈیفنس سی کی حدود میں برکی روڈ، ڈیفنس فیز 8 کے قریب ایک تیز رفتار کار موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 35 سالہ موٹر سائیکل سوار شاہد موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار کار موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی۔ تصادم میں کار چلانے والا شخص بھی شدید زخمی ہوا، جسے تشویشناک حالت میں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر جاں بحق موٹر سائیکل سوار کی لاش تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی کے بعد مردہ خانے منتقل کر دی، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔