پاکستانی شوٹنگ ٹیم نے برطانیہ میں ایف کلاس برٹش اوپن 2026 میں 13 تمغے حاصل کرکے تاریخ رقم کردی

پاکستانی شوٹنگ ٹیم نے برطانیہ میں ایف کلاس برٹش اوپن 2026 میں 13 تمغے حاصل کرکے تاریخ رقم کردی

پاکستانی رائفل ٹیم نے ایف کلاس برٹش اوپن 2026 میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 تمغے جیت لیے۔

برطانیہ میں منعقدہ اس بین الاقوامی شوٹنگ ٹورنامنٹ میں 12 رکنی پاکستانی ٹیم نے 7 گولڈ میڈلز سمیت مجموعی طور پر 13 تمغے اپنے نام کیے۔لیفٹیننٹ جنرل احسن گلریز کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے دنیا کے 24 ممالک سے شریک 185 بہترین نشانہ بازوں کے مقابلہ میں اپنی مہارت اور تسلسل کا لوہا منوایا۔ پاکستانی نشانہ بازوں نے انفرادی اور ٹیم مقابلوں میں اپنی صلاحیت، قابلیت اور مسابقتی برتری کا شاندار مظاہرہ کیا۔حذیفہ گل نے مختلف مقابلوں میں 4 طلائی، 2 چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ جیت کر نمایاں کارکردگی دکھائی۔ احسن گل نے 1000 یارڈز مقابلوں میں 2 طلائی تمغے حاصل کیے، جبکہ محمد ولید نے 1000 یارڈز مقابلے میں طلائی اور ایف ٹی آر مجموعی مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیتا۔ عبید ابراہیم اور جنید علی نے 800 یارڈز مقابلوں میں کانسی کے تمغے حاصل کیے۔

اس شاندار کامیابی کے بعد پاکستان کی قومی شوٹنگ ٹیم نے بین الاقوامی چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی بھی کر لیا ہے۔ پاکستان لانگ رینج رائفل ایسوسی ایشن کے مطابق یہ کامیابی لانگ رینج رائفل شوٹنگ میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی مہارت اور عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کی صلاحیت کا مظہر ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پاکستانی شوٹرز نے دنیا کے تجربہ کار رائفل شوٹرز کے خلاف اپنی مہارت اور قابلیت کا لوہا منوایا ہے۔ایف کلاس شوٹنگ مقابلے میں پاکستان کی شاندار کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں ہر کھیل کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اور عالمی مقابلوں میں پاکستان کا مقام مزید مضبوط ہو رہا ہے۔