تیسری قومی انسداد پولیو مہم شروع‘خداکا واسطہ ہے بچوں کو ویکسین پلائیں وفاقی وزیر صحت

 4 کروڑ 58 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچا ئوکے قطرے پلانے  کا ہدف ہے‘ پاکستان کے 50 اضلاع پولیو سے متاثر ہیں
 جیسے ہم بھارت کے خلاف سیسہ پلائی  دیوار بن گئے، ویسے ہی پولیو کے خلاف بھی متحد ہوں:مصطفی کمال کی پریس کانفرنس

اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے  پاکستان کے 50 اضلاع پولیو سے متاثر ہیں، انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ  خداکا واسطہ ہے بچوں کو ویکسین پلائیں اور جیسے ہم بھارت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئے، ویسے ہی پولیو کے خلاف بھی متحد ہوں۔۔تفصیل کے مطابق پیر کے روز سیملک بھر میں تیسری قومی پولیو مہم کا آغاز ہو گیا   جس کے تحت 4 کروڑ 58 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر اسلام آباد میں پریس  کانفرنس سے خطاب  کرتے ہوئے والدین سے جذباتی انداز میں اپیل کی کہ وہ اس قومی مہم کا حصہ بنیں اور اپنے بچوں کو مستقل معذوری سے بچانے کے لیے پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ یہ دوسری مرتبہ ہے جب پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت پولیو مہم کا آغاز کیا گیا ہے، جس کا مقصد خطے کو پولیو فری بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدا کا واسطہ ہے والدین یہ بات سمجھیں کہ یہ ان کے بچوں کی بہتری کے لیے ہے۔ ہاتھ جوڑ کر درخواست ہے کہ بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانے میں ہماری مدد کریں۔وزیر صحت کا کہنا تھا کہ پولیو ایک ایسا مرض ہے جو ایک بار ہوجائے تو عمر بھر ساتھ رہتا ہے۔ کینسر کا علاج موجود ہے، لیکن پولیو کا کوئی علاج نہیں۔ انہوں نے والدین کو خبردار کیا کہ بچوں کو قطرے نہ پلوانے والے روزِ قیامت اس جرم پر جوابدہ ہوں گے۔