قومی پولیو مہم 26 مئی سے یکم جون تک جاری رہے گی، ساڑھے4کروڑسے زائد بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف
پولیو کا خاتمہ صرف صحت عامہ کا ہدف نہیں ، قومی ترجیح ہے جو پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے،وزیراعظم فوکل پرسن
اسلام آباد(آئی این پی )رواں سال کی تیسری قومی انسداد پولیو مہم آج پیر سے باقاعدہ شروع ہو گی۔ وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے اتوار کو بچوں کو قطرے پلا کرمہم کا افتتاح کر دیا۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹرمیں منعقدہ افتتاحی تقریب میں وزیرِاعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے پولیو پروگرام کے کور گروپ کے ارکان اور بین الاقوامی شراکت داروں کے نمائندگان کے ہمراہ شرکت کی اور پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلائے اور وٹامن اے کی اضافی خوراک دے کر مہم کا افتتاح کیا۔ ملک بھر میں قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز آج 26 مئی سے ہوگا ۔ ترجمان نیشنل ای او سی کے مطابق قومی پولیو مہم 26 مئی سے یکم جون تک جاری رہے گی، مہم کے دوران 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو ویکسین پلانے کا ہدف ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیو مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت منعقد کی جا رہی ہے، سرحدی علاقوں اور خانہ بدوش آبادیوں پر خصوصی توجہ ہے۔ یہ مہم پاکستان میں پولیو وائرس کی منتقلی کو روکنے اور 2025 کے اختتام تک اس مرض کے مکمل خاتمے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ صرف ایک صحت عامہ کا ہدف نہیں ایک قومی ترجیح ہے جو پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ 2025 کی یہ تیسری قومی انسدادِ پولیو مہم ہماری 2-4-6 حکمتِ عملی کے ایک اہم حصہ ہے۔ ستمبر 2024 سے مئی 2025 کے دوران تسلسل سے جاری رہنے والی یہ مہمات ہماری سب سے موثر حکمتِ عملی ہیں تاکہ آئندہ پولیو وائرس کے پھیلا ئوکے لیے سازگار موسم سے قبل قوتِ مدافعت کی کمی کو پورا کیا جا سکے ۔