پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے بار بار ویکسی نیشن ناگزیر ہے،وزیر مملکت صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ
اسلام آباد (آئی این پی ) ملک بھر میں حالیہ انسداد پولیو مہم کے دوران 4کروڑ 50لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ۔وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر پولیو کا دورہ کرتے ہوئے حالیہ انسداد پولیو مہم کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت صحت نے بریفنگ کے دوران واضح کیا کہ بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے بار بار ویکسی نیشن ناگزیر ہے، جبکہ معمول کی حفاظتی ویکسین ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔ڈاکٹر مختار بھرتھ نے واضح کیا کہ حفاظتی ٹیکوں کی کوریج میں بہتری لانا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ پولیو کے خاتمے کے لیے حفاظتی ٹیکوں کی کوریج بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے، خاص طور پر ہائی رسک علاقوں میں۔