ہمیں مربوط حکمت عملی اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے پولیو کو جڑ سے ختم کرنا ہے،عالمی شراکت داروں کے تعاون کے بغیر اس موذی وائرس کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں، والدین پولیوورکرز سے مکمل تعاون کریں،شہباز شریف
اسلام آباد (آ ئی این پی )وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے پولیو کا خاتمہ ضروری ہے،حکومت ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کے تحت قومی انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب میں شرکت کی اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر 7 روزہ مہم کا باضابطہ آغاز کیا۔وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مربوط حکمت عملی اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے پولیو کو جڑ سے ختم کرنا ہے۔عالمی شراکت داروں کے تعاون کے بغیر اس موذی وائرس کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں۔ انسداد پولیو مہم 27 اپریل تک جاری رہے گی،وزیراعظم نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے پولیو ورکرز سے مکمل تعاون کریں۔
باکو اورلاہورکے درمیان پی آئی اے کی براہ راست پروازوں کاآغاز پاکستان کی سفارتی فتح ،سیاحت کوفروغ دیاجاسکے گا،آزربائیجان کے ساتھ سیاحت سمیت دیگرشعبوں میں اشتراک کے لیے کوشاں ہیں،وزیراعظم کا باکو فلائٹ آپریشن پرمسرت کااظہار
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور سے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کی براہ راست پروازوں کے آغاز کو سفارتی فتح قرار دیا اور کہا کہ اس سے سیاحت کو فروغ دیا جا سکے گا۔وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پی آئی اے کی لاہور تا باکو براہ راست پروازوں کے آغاز پر اظہار مسرت کیا۔انہوں نے کہا کہ باکو اور لاہور کے درمیان پی آئی اے کی براہ راست پروازوں کے آغاز سے شعبہ سیاحت کو فروغ دیا جا سکے گا، لاہور تا باکو براہ راست پروازوں کی طرز پر دیگر دوست ممالک کے ساتھ پی آئی اے کی براہ راست پروازیں جلد شروع کی جائیں گی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ سفارتی سطح پر پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے اور آذربائیجان اس خطے میں پاکستان کے بہترین دوستوں میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں آذربائیجان کے ساتھ اشتراک کے لیے کوشاں ہیں۔