ڈیڑھ سالہ نیمل گلی میں کھیل رہی تھی ، ٹانگ، بازو اور کندھے پر گہرے زخم ، ہسپتال منتقل
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور کے علاقے ہربنس پورہ رضوان گارڈن میں آوارہ کتوں کے بڑھتے ہوئے خطرے نے ایک اور افسوسناک واقعے کو جنم دے دیا جہاں ایک کمسن بچی کتے کے حملے میں شدید زخمی ہوگئی۔ گلی میں کھیلتی ڈیڑھ سالہ بچی نیمل پر اچانک آوارہ کتے نے حملہ کر دیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچی اپنی والدہ کے سامنے کھیل رہی تھی۔ کتے کے حملے کے نتیجے میں بچی کی ٹانگ، بازو اور کندھے پر گہرے زخم آئے۔زخمی بچی کو فوری طور پر گھرکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق بچی کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے تاہم اسے مکمل صحت یابی کے لیے مزید نگہداشت کی ضرورت ہے۔واقعے کے بعد اہل خانہ شدید صدمے اور غم میں مبتلا ہیں جبکہ انہوں نے علاقے میں آوارہ کتوں کی بھرمار پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اہل علاقہ نے بھی انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں، خصوصاً بچوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ علاقے میں آوارہ کتوں کی تعداد دن بدن بڑھ رہی ہے جس کے باعث اس قسم کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، لیکن متعلقہ ادارے تاحال موثر اقدامات کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔