آوارہ کتوں کی تلفی کی مہم شروع ٹیم پر حملہ

 مختلف علاقوں میں ڈاگ سکاوٹ ٹیمیں متحرک،گرین ٹاؤن میں ملزموں نے ورکرز کو تشدد کا نشانہ بنایا
لاہور(کرائم رپورٹر)ٹاؤن شپ کے علاقے میں آوارہ کتوں کے حملے کے نتیجے میں 8 سالہ بچی کی ہلاکت کے واقعے کے بعد میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور نے فوری طور پر آوارہ کتوں کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت مختلف علاقوں میں ڈاگ سکاوٹ ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں۔دوسری جانب گرین ٹاؤن میں اس وقت صورتحال کشیدہ ہو گئی جب نامعلوم افراد نے کارروائی میں مصروف ڈاگ سکاوٹ ٹیم پر حملہ کر دیا۔ حملہ آوروں نے ٹیم کے ورکرز شرون، عظیم اور ربام کو تشدد کا نشانہ بنایا۔پولیس کے مطابق متاثرہ اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے جبکہ ملزمان تشدد کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔تھانہ گرین ٹاؤن پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کے مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔