ملائیشیا میں ہونے والے بین الاقوامی بیڈمنٹن ایونٹ میں پاکستان کی ابھرتی ہوئی کھلاڑی ثروت فاطمہ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے دو گولڈ میڈلز جیت لیے اور ایک نیا سنگِ میل عبور کر لیا۔
بلوچستان سے تعلق رکھنے والی ثروت فاطمہ کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے ذاتی کیریئر کے لیے اہم ہے بلکہ ملک، خصوصاً بلوچستان کے لیے باعثِ اعزاز بھی بن گئی ہے۔ثروت فاطمہ نے اپنی محنت، مستقل مزاجی اور کھیل سے وابستگی کے ذریعے یہ ثابت کیا کہ اگر عزم مضبوط ہو تو بڑی سے بڑی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا اور پاکستان کا نام روشن کیا۔اپنی کامیابی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ثروت فاطمہ نے کہا کہ یہ جیت ان کی مسلسل محنت اور کھیل سے سچی لگن کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اپنی جیت والد اور پاک فوج کے نام کی، جنہوں نے ہمیشہ بھرپور حمایت اور حوصلہ افزائی فراہم کی۔ثروت فاطمہ نے مزید کہا کہ وہ مستقبل میں پاک فوج کا حصہ بن کر ملک کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔ واضح رہے کہ پاک فوج ملک کے دور افتادہ علاقوں سے باصلاحیت نوجوانوں کو تلاش کر کے عالمی سطح پر متعارف کروانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، اور ثروت فاطمہ کی کامیابی اس کا واضح ثبوت ہے۔