سوات سے تعلق رکھنے والے تائیکوانڈو کے مایہ ناز کھلاڑی امیر خان نے ملائیشیا میں ہونے والی انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گولڈ میڈلز اپنے نام کر لیے۔
اس عالمی ایونٹ میں دنیا کے 34 ممالک سے تقریباً 6 ہزار ایتھلیٹس نے حصہ لیا، جن میں جاپان، کوریا، ملائیشیا اور فلپائن جیسے ممالک کے تائیکوانڈو کے بڑے کھلاڑی شامل تھے۔ سخت مقابلوں کے باوجود امیر خان نے اپنی محنت، عزم اور مہارت کے بل پر حریفوں کو شکست دے کر پاکستان کا پرچم بلند کیا۔امیر خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وسائل کی کمی اور سفر کی مشکلات کے باوجود دوستوں اور اہلِ خانہ کی حوصلہ افزائی نے ان کی ہمت بڑھائی۔ ان کے مطابق یہ کامیابی صرف ان کی نہیں بلکہ پوری قوم کی جیت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر پاکستانی قوم متحد ہو تو دنیا کی کوئی طاقت نوجوانوں کے راستے میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتی۔