راولپنڈی پولیس کی انسپکٹر ارم خانم نے بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنی قابلیت کا لوہا منوا لیا ہے۔
انہوں نے ورلڈ پاور لفٹنگ چمپئن شپ 2025 میں حصہ لیا، جو سری لنکا میں منعقد ہوئی، اور اس مقابلے میں دو گولڈ میڈلز جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔سی پی او خالد حمدانی نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسپکٹر ارم خانم نے پنجاب پولیس اور پاکستان کا وقار بلند کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ارم خانم نے پاور لفٹنگ کے مقابلوں میں اول پوزیشن حاصل کی اور گولڈ میڈلز اپنے نام کیے ہیں۔ اس کے علاوہ، انہوں نے ڈیڈ لفٹ کے مقابلوں میں بھی سب سے بہتر کارکردگی دکھائی، بھارتی پاور لفٹر کو شکست دے کر اول پوزیشن حاصل کی۔
سی پی او کا کہنا تھا کہ انسپکٹر ارم خانم پنجاب پولیس کا ایک روشن ستارہ ہیں اور ان کی کامیابی محکمہ پولیس اور قوم کے لیے فخر کی بات ہے۔ ترجمان پولیس نے بھی کہا کہ ارم خانم نے نہ صرف بین الاقوامی مقابلوں میں کامیابی حاصل کی بلکہ انہوں نے دیگر مقابلوں میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔اس تاریخی کامیابی کے بعد، انسپکٹر ارم خانم کو راولپنڈی پولیس لائنز میں شاندار استقبال ملا۔ ان کے حوصلہ افزائی کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں پولیس افسران اور اہلکاروں نے ان کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں مبارکباد دی۔ یہ کامیابی نہ صرف ان کی محنت اور لگن کا ثمر ہے بلکہ پاکستان کے کھیلوں کے شعبے میں بھی ایک اہم سنگ میل ہے۔