تہران پر حملے جاری‘ایرانی میزائل اسرائیل میں تباہی مچاتے رہے‘یو اے ای میں2افراد ہلاک

جنگ بندی کا فیصلہ ایران کی شرائط پر ہوگا:وزیرخارجہ‘ امریکہ ایک ملک کیساتھ مل کر ایرانی جزیرے پر قبضے کا منصوبہ بنا چکا ہے: ایرانی سپیکر 
ایران کے اسرائیل اورامریکہ پر حملے،  40 منٹ میں 400 میزائل داغ دئیے،  تل ابیب میں  عمارتیں زمین بوس‘سینکڑوں افراد زخمی
کویت، اردن، بحرین میں بھی امریکی فوجی اڈوں کونشانہ بنایا گیا‘خارگ جزیرے پر جنگ کیلئے ایران کی تیاریاں، بارودی سرنگیں بچھا دیں
تہران(آئی  این پی)ایرانی حکام نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے  جنگ بندی کا فیصلہ صرف ایران کی شرائط پر ہوگا، ایران جنگ کے دوبارہ آغاز کو روکنے کے ٹھوس اور ضمانت شدہ اقدامات کا مطالبہ کرتا ہے۔غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابپق ایرانی حکام نے بتایا کہ ایران نے امریکی تجاویز کا جائزہ لیا اور انہیں غیرمناسب پایا، ایران صدر ٹرمپ کو اجازت نہیں دے سکتا کہ وہ جنگ کے خاتمے کا وقت متعین کریں، ایران نے علاقائی ثالث کے ذریعے پیغام دیا ہے کہ وہ اپنا دفاع جاری رکھے گا۔ایک بیان میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا مختلف ثالثوں کے ذریعے پیغامات ضرور بھیج رہا ہے، تاہم اسے مذاکرات قرار نہیں دیا جا سکتا۔دریں اثنا ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے انکشاف کیا کہ امریکا ایک ملک کے ساتھ مل کر ایرانی جزیرے پر قبضے کا منصوبہ بنا چکا ہے۔ایرانی اسپیکر نے خبر دار کیا کہ اگر امریکا آگے بڑھا تو خطے کی حساس تنصیبات پر تابڑ توڑ حملے ہوں گے۔دریں اثنا
ء  اسرائیلی فوج نے شہری آبادی کوپھرنشانے پرلے لیا، ہتھیاروں اورآبدوزوں کی تیاری کے مراکز تباہ کرنے کادعوی کیاہے جبکہ ایران کے اسرائیل اورامریکا پر وار بھی جاری ہیں، صرف 40 منٹ کے دوران 400 میزائل داغے گئے،جس سے  تل ابیب میں متعدد عمارتیں زمین بوس ہو گئیں اور کئی گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، کویت، اردن، بحرین میں بھی امریکی فوجی اڈوں کونشانہ بنایا گیا، جبکہ اسرائیلی حکام کے مطابق بڑی تعداد میں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ابوظبی میں میزائل کا ملبہ گرنے سے پاکستانی شہری سمیت مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔پاکستانی سفارت خانے نے بھی حملے میں ملبہ گرنے سے پاکستانی شہری کے جاں بحق  ہونے کی تصدیق کردی۔ایران نے ممکنہ امریکی و اسرائیلی حملوں کے پیش نظر خارگ جزیرے پر جنگ کیلئے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی فورسز نے خارگ جزیرے پر بڑی تعداد میں کندھے سے چلنے والے راکٹس کی کھیپ پہنچا دی ہے، جبکہ جزیرے کے ساحل پر بارودی سرنگوں کی تنصیب بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔رپورٹس کے مطابق ایرانی مسلح افواج نے خارگ جزیرے کے اطراف میں انسانوں اور گاڑیوں سے ٹکرانے والی سرنگوں کی تنصیب کا کام مکمل کر لیا ہے۔