ایرانی میزائلوں نے اسرائیل میں تباہی مچادی‘سینکڑوں افراد زخمی‘عمارتیں ڈھیر امریکہ کی تہران پر بمباری‘پولیس ہیڈ کوارٹرتباہ

ایرانی حملوں کے بعد اسرائیل کے بن گوریان ایئرپورٹ پر افراتفری مچ گئی‘اسرائیل کے زیر قبضہ الجلیل شہر میں راکٹ گرنے سے 80 افراد زخمی ہوگئے‘ تل ابیب کے مرکز اور امریکی فوج کے اڈوں کو نشانہ بنایا گیا‘ 200 صیہونی زخمی
ایران نے امریکہ کے طیارہ بردار ابراہم لنکن پر  میزائلوں سے حملہ کر دیا، جہاز کو نقصان پہنچا :پاسداران انقلاب‘بحرین کے دارالحکومت منامہ کے علاقے مینا سلمان میں  امریکی بحری اڈے پر حملہ کیا گیا، حملے میں بیس کی مختلف تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا 
  عراق میں امریکہ کا فیولنگ طیارہ گرکرتباہ ہوگیا، سینٹ کام نے   تصدیق کردی ، امریکی طیارہ عراقی مزاحمتی فورسز نے مارگرایا، سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے: ایرانی فوج ‘حکومت مخالف مظاہرے دوبارہ ہوئے تو پہلے سے سخت ردِعمل ہوگا: پاسداران 
تہران،بغداد،واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک‘آئی این پی) نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے بیان کے بعد ایران نے اسرائیل پر شدید بمباری کرتے ہوئے تل ابیب کے مرکز اور امریکی فوج کے اڈوں کو نشانہ بنایا ہے جس میں کم از کم 200 صیہونی زخمی ہو گئے ہیں، عراق میں امریکی جنگی طیارہ گرنے پر امریکا کو بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑا، طیارے میں سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی حملوں کے بعد اسرائیل کے بن گوریان ایئرپورٹ پر افراتفری مچ گئی، افراتفری کے دوران ایئرپورٹ پر موجود افراد نے کاؤنٹر پر کھڑے عملے سے ہاتھا پائی کی اور چیزیں پھینکی، جواب میں عملے نے بھی چیزیں پھینکنا شروع کر دیں۔اسرائیل کے زیر قبضہ الجلیل شہر میں راکٹ گرنے سے 80 افراد زخمی ہوگئے، کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔مڈل ایسٹ آئی کی رپورٹ کے مطابق حیفہ شہرکے قریب الجلیل میں راکٹ حملوں سے 300 سے زائد گھر تباہ ہوئے‘ایران نے امریکا کے طیارہ بردار ابراہم لنکن پر بھی میزائلوں سے حملہ کر دیا، پاسداران انقلاب کاکہنا ہے کہ میزائل حملوں سے ایئرکرافٹ کیریئر ابراہم لنکن کو نقصان پہنچا ہے۔ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق حملے بحرین کے دارالحکومت منامہ کے علاقے مینا سلمان میں قائم امریکی بحری اڈے پر کیا گیا، حملوں میں بیس کی مختلف تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جن میں اینٹی ڈرون دفاعی نظام، ڈرونز کی اسٹوریج اور مرمت کے مراکز، سپورٹ آلات اور فیول ٹینکس شامل ہیں۔خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایرانی حکومت کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، اسرائیلی فوج نے ایران میں نیوکلیئر پروگرام کی اہم سائٹس کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، تہران کے قریب طالقان میں واقع سائٹ کو جنگی جہازوں نے نشانہ بنایا ہے۔دوسری جانب امریکا اور اسرائیل نے بھی  ایران پر مزید حملے کر دیئے، تہران پھر دھماکوں سے گونج اٹھا،عراق کے شہر اربیل میں ڈرون حملے سے فرانس کا ایک فوجی ہلاک  ہوگیا۔ عراق میں امریکا کا فیولنگ طیارہ گرکرتباہ ہوگیا، سینٹ کام نے طیارہ گرنے کی تصدیق کردی ۔۔ تباہ ہونے والے طیارے میں چھ امریکی فوجی سوار تھے۔امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے طیارہ مغربی عراق میں گر نیکی تصدیق کردی۔سینٹکام نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ ایندھن بھرنے والے طیارے کے نقصان سے آگاہ ہیں، ایک طیارہ مغربی عراق میں گرا اور دوسرا بحفاظت لینڈ کرگیا۔سینٹکام کے مطابق واقعہ آپریشن ایپک فیوری کے دوران پیش آیا، اس وقت امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق تباہ ہونے والے طیارے میں 6 افراد سوار تھے‘پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت کے خلاف نئے مظاہرے ہوئے تو انہیں جنوری کے مقابلے میں زیادہ سخت ردِعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔