ایران نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھا دیں‘ امریکہ کا کئی تباہ کرنے کا دعوی‘ایران کی جانب سے تھائی لینڈ، جاپان اور مارشل آئی لینڈ کے بحری جہازوں پر حملہ‘ گوگل، مائیکروسافٹ اور بینکوں کو نیا ہدف بنانے کی دھمکی دیدی
امریکہ اور اسرائیل کے حملوں میں 1300 سے زائد ایرانی شہری جاں بحق ہوئے ہیں:اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر کا بیان ‘
اصفہان پر حملوں میں روسی قونصل خانے کی عمارت کو نقصان پہنچا :ترجمان روسی وزارت خارجہ
ایران کی اسرائیل کے اہم ترین بن گورین ائیرپورٹ پر میزائلوںکی بارش‘ قطر، کویت اور عراق میں امریکی اڈوں پر حملہ‘، 100 امریکی فوجیوں کو زخمی کردیا:ایران حکام‘ ‘ سعودی عرب کا6 میزائل فضا میں تباہ کرنیکا دعوی
تہران،تل ابیب،ماسکو،واشنگٹن،جدہ،لندن(آئی این پی )اسرائیلی فضائیہ نے ایک بار پھر ایران کے مختلف شہروں پر حملہ کیا ہے جس کے بعد تہران اور دیگر شہروں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ پاسداران انقلاب کا آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت امریکی اور صہیونی اہداف کے خلاف حملوں کی نئی لہر کا آغاز کردڈیا ،ایرانی حملوں کی37 ویں لہر کے دوران 3 گھنٹے تک طاقتور میزائلوں سے امریکی و اسرائیلی اہداف پر حملے کئے گئے ، اسرائیل کے اہم ترین بن گورین ائیرپورٹ پر میزائل حملوں سے نقصان پہنچایا گیا ۔عالمی میڈیارپورٹس کے مطابق تہران کے انقلاب سکوائر کے قریب نئے سپریم لیڈر مجتبی خامنہ ای سے یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلی کے دوران امریکا اور اسرائیل نے حملہ کر دیا، دھماکوں کی ویڈیو ایرانی سرکاری ٹی وی پر براہِ راست نشر ہوئی، دھماکوں کی آواز سے ڈرنے کے بجائے ایرانی ڈٹ کر مزاحمت کرتے رہے۔ایرانی شہریوں نے دھماکوں کی گونج میں مزید شدت کے ساتھ اپنے ملک کے جھنڈے لہرائے، امریکا اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے ۔ ایران نے حملوں کے جواب میں شدید ردعمل دیتے ہوئے امریکی و اسرائیلی معروف کمپنیوں اور بینکوں کو ممکنہ ہدف قرار دے دیا۔عالمی میڈیارپورٹس کے مطابق اسلامی انقلاب گارڈ کور(آئی آر جی سی ) نے امریکی اور اسرائیلی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے دفاتر اور انفرااسٹرکچر کو نئے ممکنہ اہداف قرار دیا ہے، مشہور کمپنیوں میں گوگل، مائیکروسافٹ اور دیگر شامل ہیں، جن کے کلاڈ اور ٹیکنالوجی انفرااسٹرکچر مشرقِ وسطی کے مختلف ممالک میں موجود ہیں‘ اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے کئے گئے ایران کے شہر اصفہان پر حملوں میں روسی قونصل خانے کی عمارت کو نقصان پہنچا جس کی روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے تصدیق بھی کی ہے‘پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کی 37 ویں لہر کے تحت تین گھنٹے تک مسلسل میزائل حملے کیے گئے ۔بیان کے مطابق حملوں میں عراق کے شہر اربیل ، بحرین میں امریکی بحریہ کے ففتھ فلیٹ کے ہیڈ کوارٹراور اسرائیل کے شہر تل ابیب میں فوجی مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔آئی آر جی سی کے مطابق جنوبی تل ابیب میں واقع سیٹلائٹ مواصلاتی مرکز کو دوسری بار نشانہ بنایا گیا جبکہ مقبوضہ بندرگاہ حیفہ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ حملوں میں خیبر شکن، قدر اور خرم شہر میزائل استعمال کیے گئے، ان میزائلوں میں متعدد وارہیڈز نصب تھے جبکہ قدر میزائل کے وارہیڈ کا وزن تقریبا ایک ٹن بتایا گیا ہے۔ایران کی جانب سے تین بحری جہازوں پر حملہ کیا گیا‘میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق میزائل یا پروجیکٹائل حملوں کا نشانہ بننے والوں میں تھائی لینڈ، جاپان اور مارشل آئی لینڈ کے پرچم بردار جہاز شامل ہیں۔ایک جہاز کو آبنائے ہرمز میں دبئی کے قریب، دوسرے کو عمان کے ساحل سے تقریباً 11 ناٹیکل میل دوری پر نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے نتیجے میں جہازوں میں آگ بھڑک اٹھی، جس پر قابو پا لیا گیا، حملے میں عملہ محفوظ ہے۔پاسدارانِ انقلاب فورس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے خلیج میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو میزائل اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا ہے، حملے میں 100 امریکی فوجی زخمی ہوگئے۔