کراچی: ٹریفک حادثات میں بڑھتی ہلاکتوں پر گورنر سندھ کا چیف جسٹس سے مدد طلب کرنے کا فیصلہ

کراچی: ٹریفک حادثات میں بڑھتی ہلاکتوں پر گورنر سندھ کا چیف جسٹس سے مدد طلب کرنے کا فیصلہ

کراچی: کراچی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات اور ان کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جس پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

 گورنر سندھ جلد ہی چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان، جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھیں گے، جس میں وہ درخواست کریں گے کہ اس خط کو آئینی پٹیشن میں تبدیل کیا جائے اور کراچی میں ٹریفک حادثات کے بڑھتے ہوئے واقعات پر عدالت عظمیٰ کا لارجر بینچ تشکیل دیا جائے جو کراچی رجسٹری میں اس کیس کی سماعت کرے۔ گورنر سندھ یہ بھی چاہتے ہیں کہ کراچی میں ٹریفک حادثات میں انسانی جانوں کے نقصان کو روکنے کے لیے مؤثر فیصلہ جاری کیا جائے۔کامران ٹیسوری نے بتایا کہ انہوں نے کراچی میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے مختلف سیاسی، مذہبی جماعتوں، اور سول سوسائٹی سے بھی رابطے شروع کر دیے ہیں۔ اس ضمن میں عید الفطر کے بعد گورنر ہاؤس میں ایک آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرنے کا منصوبہ ہے، جس میں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم پاکستان، جماعت اسلامی، جے یو آئی، عوامی نیشنل پارٹی، تحریک انصاف، مہاجر قومی موومنٹ سمیت دیگر سیاسی اور مذہبی جماعتوں، سول سوسائٹی، ٹرانسپورٹرز اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا جائے گا۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اس کانفرنس میں مشاورت کے بعد کراچی میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے ایک مؤثر حکمت عملی وضع کی جائے گی، اور اس معاملے میں وہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے بھی رابطہ کریں گے۔مزید برآں، گورنر سندھ نے یہ بھی کہا کہ کراچی میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر قانون سازی کی ضرورت ہے، جس کے لیے ایم کیو ایم پاکستان قومی اور سندھ اسمبلیوں میں قراردادیں جمع کرائے گی۔ اس معاملے کو پارلیمنٹ میں بھی اٹھایا جائے گا۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ وہ اس معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف سے بھی بات کریں گے۔ ان تمام رابطوں کا مقصد کراچی کے باسیوں کی زندگی کو محفوظ بنانا ہے اور اس سنگین مسئلے کا حل نکالنا ہے تاکہ شہریوں کی جانیں محفوظ رہیں اور ٹریفک حادثات میں کمی لائی جا سکے۔