کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ایک خط لکھا، جس میں شہر میں ڈمپر، ٹرک اور واٹر ٹینکرز کے ڈرائیوروں کی لاپرواہ ڈرائیونگ پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
خط میں کامران ٹیسوری نے کہا کہ گزشتہ چند مہینوں میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں اور حادثات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کی جان و مال کو شدید خطرات لاحق ہیں۔گورنر سندھ نے یہ تجویز دی کہ چیف سیکرٹری کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیشن تشکیل دیا جائے، جو ٹریفک حادثات کی وجوہات کی نشاندہی کرے اور ذمہ داروں کا تعین کرے، تاکہ ملزمان کو قانون کے مطابق کٹہرے میں لایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کرنا ضروری ہے تاکہ مستقبل میں شہریوں کی قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔کامران ٹیسوری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس وقت عوام میں شدید بے چینی اور تحفظات پائے جاتے ہیں، اس لیے حکومت کو فوری اور مؤثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ شہریوں کی قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔