لاہور: 14 اگست کے موقع پر لاہور ہائیکورٹ میں یومِ آزادی کی پُروقار پرچم کشائی تقریب منعقد ہوئی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے ہائیکورٹ کی عمارت پر قومی پرچم بلند کیا۔ اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے چیف جسٹس کو گارڈ آف آنر اور سلامی پیش کی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں پرچم کشائی کا اعزاز کسی خاتون چیف جسٹس کو حاصل ہوا۔اپنے خطاب میں چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ یہ ہمارے لیے باعثِ فخر ہے کہ ہم اپنا 78واں یومِ آزادی منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی قائداعظم کے ویژن کے مطابق اداروں کی بہتر کارکردگی سے جڑی ہوئی ہے، اور پنجاب کی عدلیہ عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔چیف جسٹس نے بتایا کہ صوبہ بھر میں ماڈل کورٹس کے قیام کے احکامات جاری ہو چکے ہیں، جبکہ زیر التواء مقدمات کا جلد از جلد فیصلہ کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔ اس مقصد کے لیے لاہور ہائیکورٹ اور ضلعی عدلیہ میں مخصوص بنچز قائم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ "ہمارا ملک تاقیامت قائم و دائم رہے، انشاءاللہ"۔
تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ تقریب میں لاہور ہائیکورٹ کے معزز ججز جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس شمس محمود مرزا، جسٹس سید شہباز علی رضوی، جسٹس علی ضیاء باجوہ، جسٹس جواد ظفر، جسٹس ملک محمد اویس خالد، جسٹس خالد اسحاق اور جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر سمیت دیگر ججز شریک ہوئے۔اس موقع پر سیکرٹری ٹو چیف جسٹس محمد طارق، ایڈیشنل رجسٹرار محمد کاشف، ایڈیشنل آئی جی انویسٹیگیشن پنجاب شہزادہ سلطان، ڈی آئی جی سکیورٹی اویس ملک اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔