کوئٹہ (ویب ڈیسک): بلوچستان کے ضلع نصیر آباد کے علاقے صحبت پور میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد کو قتل کر دیا گیا۔
فائرنگ کے بعد مسلح افراد نے بزگر کے جھونپڑی نما گھر کو بھی آگ لگا دی اور موقع سے فرار ہو گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ تھانہ آر ڈی 238 کی حدود میں پیش آیا، جہاں گھر پر فائرنگ کی گئی۔ جاں بحق افراد میں گھر کا سربراہ، اس کی بیوی، 4 بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ بچوں کی عمر 1 سے 15 سال کے درمیان تھی۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد بزگر تھے جو مقامی زمیندار کی زمین پر کام کرتے تھے۔ اس واقعے کے پیچھے زرعی زمین کے تنازعے کا شاخسانہ بتایا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں اس خونریزی کا واقعہ پیش آیا۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ علاقے میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے تاکہ مزید تشویش ناک حالات سے بچا جا سکے۔