بہاولپور: جھونپڑی میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 4 بچے جاں بحق

بہاولپور: جھونپڑی میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 4 بچے جاں بحق

روجھان کے علاقے عمرکوٹ سے محنت مزدوری کے لیے بہاولپور جانے والے خاندان کے ساتھ دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں کل شام جھونپڑی میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 4 بچے جھلس کر جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی جسے تشویشناک حالت میں بہاولپور اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، عمرکوٹ کے رہائشی یہ خاندان روزگار کے سلسلے میں بہاولپور گیا تھا۔ گزشتہ شام نامعلوم وجوہات کی بنا پر جھونپڑی میں آگ لگ گئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے سب کچھ اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ افسوسناک طور پر 4 معصوم بچے، جن کی عمریں 4 سے 5 سال کے درمیان تھیں، جھلس کر زندگی کی بازی ہار گئے۔حادثے کے نتیجے میں متاثرہ خاندان کی تمام جمع پونجی اور قیمتی سامان بھی جل کر خاکستر ہوگیا۔ لواحقین نے حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔یہ اندوہناک واقعہ محنت کش طبقے کو درپیش مشکلات اور ان کے غیر محفوظ رہائشی حالات کو اجاگر کرتا ہے، جس پر حکومت کی جانب سے عملی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔