منڈی بہاءالدین: سعداللّٰہ پور میں گھریلو ناچاقی پر فائرنگ، 3 افراد قتل

منڈی بہاءالدین: سعداللّٰہ پور میں گھریلو ناچاقی پر فائرنگ، 3 افراد قتل

منڈی بہاءالدین کے علاقے سعداللّٰہ پور میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے فائرنگ کر کے اپنے والدین اور بیوی کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق، ملزم کا تعلق مقامی گاؤں سے ہے اور وہ بیرون ملک ملازمت کرتا تھا۔ وہ چند روز قبل ہی پاکستان واپس آیا تھا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم کا اپنے اہلِ خانہ سے زمین کی فروخت اور رقم کے مطالبے پر تنازع چل رہا تھا، جس پر گھریلو جھگڑا شدت اختیار کر گیا۔گھر میں پیش آنے والے اس واقعے کے دوران ملزم نے اپنی ماں، باپ اور بیوی پر فائرنگ کی، جس سے تینوں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا۔پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کی جانب سے فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ہی ملزم کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔