جنوبی کوریا: خوفناک ترین جنگلاتی آگ سے 18 افراد ہلاک، ہزاروں بے گھر

1,300 سالہ قدیم گونسا مندر تباہ ہو گیا، کچھ تاریخی نوادرات، ایک پتھریلا بدھا مجسمہ بچا لیے گئے
  سیئول(آئی این پی )جنوبی کوریا کو تاریخ کی بدترین جنگلاتی آگ کے نتیجے میں اب تک 18 افراد ہلاک اور 27,000سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں ۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ آگ جمعہ کے روز شروع ہوئی اور 43,000ایکڑ سے زیادہ جنگلاتی اراضی کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔ تیز ہوائوں اور خشک موسم کے باعث آگ تیزی سے پھیل رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔آگ کے نتیجے میں 1,300سالہ قدیم گونسا مندر تباہ ہو گیا، تاہم کچھ تاریخی نوادرات، بشمول ایک پتھریلا بدھا مجسمہ، بچا لیے گئے۔حکومت نے 9,000 سے زائد فائر فائٹرز، 5,000 فوجی اور 130 ہیلی کاپٹر تعینات کر دئیے ہیں، جبکہ قومی سطح پر آگ کے خطرے کی سب سے اونچی سطح کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔