بحرین نے ایرانی ڈرون حملوں کی سخت مذمت

بحرین نے ایرانی ڈرون حملوں کی سخت مذمت

بحرین نے ایرانی ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشیدگی میں کمی کے لیے جاری سفارتی کوششوں کے باوجود ایسے حملے خطے میں امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں اور ان کی تمام تر ذمہ داری ایران پر عائد ہوتی ہے۔

بحرینی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے اقدامات خطے میں جاری امن کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہیں اور موجودہ حالات میں مزید کشیدگی کو ہوا دے سکتے ہیں۔بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بحرین اپنی قومی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کسی بھی قسم کے حملے یا خطرے کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔بحرینی حکومت نے واضح کیا کہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت ملک کو اپنے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا مکمل حق حاصل ہے اور ضرورت پڑنے پر قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مناسب فیصلے کیے جائیں گے۔

بحرینی سرکاری میڈیا کے مطابق حکومت نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جائے اور ایسے اقدامات کی حوصلہ شکنی کی جائے جو کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔بحرین کی جانب سے یہ ردعمل ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں سکیورٹی صورتحال بدستور حساس ہے اور مختلف ممالک خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔